راولپنڈی (نیوز ڈیسک) پاک بحریہ نے شمالی بحیرہ عرب میں ایک کامیاب سرچ اینڈ ریسکیو آپریشن کے دوران غیر ملکی عملے کے 18 افراد کو بحفاظت بچا لیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق تجارتی بحری جہاز “ایم وی گولڈ آٹم” سے ہنگامی سگنل موصول ہونے پر فوری کارروائی کی گئی۔ اطلاع ملتے ہی پاک بحریہ کے جہاز پی این ایس حنین کو موقع پر روانہ کیا گیا۔
آئی ایس پی آر کا کہنا ہے کہ پی این ایس حنین نے پیشہ ورانہ مہارت کا مظاہرہ کرتے ہوئے بروقت آپریشن انجام دیا اور تمام 18 افراد کو محفوظ نکال لیا۔ ریسکیو کیے گئے افراد میں چین، بنگلادیش، میانمار، ویتنام اور انڈونیشیا سے تعلق رکھنے والے شہری شامل ہیں۔
ترجمان کے مطابق بحری جہاز پر موجود ماہر ٹیم نے متاثرہ عملے کو فوری طبی امداد فراہم کی اور جہاز پر لگی آگ بجھانے میں بھی معاونت کی۔ اس کے علاوہ نقصان کا جائزہ لے کر عملے کو بحفاظت منتقل کیا گیا۔
ریسکیو کیے گئے تمام افراد کو مزید طبی سہولیات کی فراہمی اور اپنے اپنے ممالک واپسی کے انتظامات کے لیے کراچی منتقل کر دیا گیا ہے۔
آئی ایس پی آر نے کہا ہے کہ پاک بحریہ سمندر میں کسی بھی ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے ہر وقت تیار اور پرعزم ہے اور انسانی جانوں کے تحفظ کو اولین ترجیح دیتی ہے۔
مزیدپڑھیں:پیٹر سڈل کا ’چاچا‘ لقب عالمی سطح پر مقبول، دوستوں نے بھی اسی نام سے پکارنا شروع کردیا


