اسلام آباد(نیوز ڈیسک)اسلام آباد میں امریکا اور ایران کے درمیان جاری جنگ بندی مذاکرات کے حوالے سے پیش رفت تیزی سے جاری ہے، جبکہ بات چیت کو ایک اور دن تک بڑھانے کی کوششیں بھی کی جا رہی ہیں۔
ذرائع کے مطابق مذاکراتی عمل مبصرین کی ابتدائی توقعات سے زیادہ تیزی سے آگے بڑھا ہے۔ پاکستانی حکام کی جانب سے فریقین پر زور دیا جا رہا ہے کہ بات چیت کو مزید ایک دن جاری رکھا جائے تاکہ کسی ممکنہ اتفاق رائے تک پہنچا جا سکے۔
مذاکرات کے دوران مختلف ادوار منعقد کیے گئے، جبکہ دونوں وفود نے ایک ساتھ کھانے میں بھی شرکت کی۔ اس کے بعد سفارتی سطح پر نوٹسز اور تجاویز کے تبادلے کا سلسلہ بھی جاری رہا۔
ایرانی وفد سے قریبی ذرائع کے مطابق ان کے نمائندے مختلف نکات پر مشاورت کر رہے ہیں اور حل تلاش کرنے کی کوششیں جاری ہیں۔ اسی دوران پاکستانی ثالثی ٹیم ماحول کو مثبت رکھنے اور فریقین کے درمیان لچک پیدا کرنے کے لیے سرگرم ہے۔
رپورٹس کے مطابق پاکستان کی کوشش ہے کہ مذاکرات کو کم از کم ایک مزید دور کے لیے بڑھایا جائے تاکہ اختلافی نکات پر پیش رفت ممکن ہو سکے، تاہم حتمی فیصلہ دونوں فریقین کی اپنی قیادت پر منحصر ہوگا۔
مزیدپڑھیں:لڈوِگ کا انوکھا تجربہ، بھوک مٹانے گئے اور جنازے کی تقریب میں جا پہنچے