Search
Close this search box.
جمعرات ,25 جون ,2026ء

وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کا مستحق ٹرانسپورٹرز کو فوری ریلیف فراہم کرنے کا حکم

وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ(Murad Ali Shah) نے صوبے میں ٹرانسپورٹ سبسڈی اسکیم کے تحت مستحق افراد کو فوری ریلیف فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ ڈیٹا کی غلطیوں کی بنیاد پر کسی بھی قسم کی تاخیر کو برداشت نہیں کیا جائے گا۔

یہ ہدایات وزیراعلیٰ ہاؤس میں ہونے والے ایک اعلیٰ سطحی اجلاس میں دی گئیں، جس میں صوبائی وزراء شرجیل انعام میمن، مکیش کمار چاولہ سمیت چیف سیکریٹری آصف حیدر شاہ اور متعلقہ محکموں کے سینئر افسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں فیول سبسڈی اسکیم پر عملدرآمد کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ اب تک 3 ہزار 976 گاڑیوں کو سبسڈی کی مد میں 14 کروڑ 67 لاکھ روپے کی ادائیگیاں کی جا چکی ہیں، جبکہ پانچ ہزار سے زائد کیسز ڈیٹا کی غلطیوں کے باعث تصحیح کے مرحلے میں ہیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے ہدایت دی کہ 11 ہزار 980 اہل گاڑیوں کا مکمل اور درست ڈیٹا جلد از جلد تیار کیا جائے اور اس مقصد کے لیے متعلقہ محکمے وفاقی اداروں کے ساتھ قریبی رابطہ رکھیں۔ انہوں نے شناختی کارڈ، بینک اکاؤنٹ اور دیگر ڈیٹا میں موجود غلطیوں کو فوری طور پر درست کرنے پر زور دیا۔

اجلاس میں ٹرانسپورٹ نظام کی ڈیجیٹلائزیشن پر پیش رفت کو سراہا گیا۔ حکام کے مطابق ایکسائز ڈیپارٹمنٹ میں موٹر رجسٹریشن، پی ٹی اے اور آر ٹی اے سسٹم کی خودکاری کا عمل جاری ہے تاکہ شفافیت کو بہتر بنایا جا سکے۔

مزیدپڑھیں:کراچی پریس کلب کا نئے ممبران کو الاٹ کیے گئے پلاٹس کی جگہ کا دورہ

وزیراعلیٰ نے ٹریفک اور موٹروے پولیس کے ساتھ نظام کے انضمام کی بھی ہدایت کی تاکہ نگرانی اور نفاذ کے نظام کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

مزید برآں انہوں نے واضح کیا کہ بغیر روٹ پرمٹ یا فٹنس سرٹیفکیٹ چلنے والی گاڑیوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی، جبکہ رجسٹریشن اور ٹرانسفر کے لیے روٹ پرمٹ کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔

اجلاس کے اختتام پر وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ حکومت کا مقصد سبسڈی کو شفاف، بروقت اور صرف حقیقی مستحق افراد تک پہنچانا ہے، اور اس میں کسی قسم کی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔

یہ بھی پڑھیں