کراچی پریس کلب(Karachi Press Club) کے سیکریٹری اسلم خان کی قیادت میں گورننگ باڈی کے ارکان اور سابق صدر سعید سربازی نے لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے تحت دیہہ مندرہ میں ممبران کو الاٹ کیے گئے پلاٹس کا تفصیلی دورہ کیا۔
دورے کے بعد وفد نے لیاری ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے حکام سے ملاقات کی، جہاں سپرنٹنڈنٹ انجینئر ولید بشیر اور دیگر افسران نے منصوبے سے متعلق جامع بریفنگ دی۔
حکام کے مطابق 639 ممبران کو دیے جانے والے پلاٹس کے لیے پی سی ون کو کابینہ سے منظوری مل چکی ہے اور منصوبہ اب حتمی مراحل میں داخل ہو چکا ہے۔ بریفنگ میں بتایا گیا کہ جنگل کی صفائی، زمین کی پیمائش، میپنگ اور ڈیمارکیشن کا کام مرحلہ وار مکمل کیا جائے گا۔ تقریباً 125 ایکڑ پر پھیلی یہ اراضی بے نظیر ٹاؤن کے قریب واقع ہے اور مرکزی شاہراہ سے بھی منسلک ہے، جس سے اس کی اہمیت مزید بڑھ جاتی ہے۔
ایل ڈی اے حکام نے بتایا کہ کوشش ہے کہ تمام ترقیاتی کام موجودہ مالی سال کے اندر مکمل کر لیے جائیں تاکہ ممبران کو جلد از جلد سہولت فراہم کی جا سکے۔
مزیدپڑھیں:روپے کی قدر میں بہتری ڈالر مزید سستا ہوگیا
بلاک 68 کے حوالے سے بتایا گیا کہ وہاں تعمیرات کے لیے کوئی قانونی رکاوٹ موجود نہیں، اور جو ممبر واجبات ادا کر کے گھر بنانے کا آغاز کرنا چاہے، اتھارٹی اس کی مکمل معاونت کرے گی۔ اس کے ساتھ بلاک 68 اور بلاک 3 کے ترقیاتی منصوبے بھی اسی مالی سال میں مکمل کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے۔
حکام نے اس بات پر تشویش کا اظہار کیا کہ ممبران کی جانب سے واجب الادا 20 فیصد رقم کا بڑا حصہ ابھی تک جمع نہیں کرایا گیا۔ اس لیے ممبران کو ہدایت دی گئی ہے کہ وہ تین ماہ کے اندر اپنی ادائیگیاں مکمل کریں تاکہ منصوبے پر کام تیزی سے آگے بڑھ سکے۔
اجلاس میں یہ بھی طے پایا کہ ایل ڈی اے حکام ہر پندرہ دن بعد کراچی پریس کلب میں ممبران کی رہنمائی کے لیے دستیاب ہوں گے، جبکہ پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے ماہانہ اجلاس بھی منعقد کیا جائے گا۔ مزید برآں، ممبران کی سہولت کے لیے واجبات کی تفصیلات نوٹس بورڈ پر بھی آویزاں کی جائیں گی تاکہ شفافیت کو یقینی بنایا جا سکے۔



