پنجاب حکومت نے اساتذہ کے لیے سفری سہولت بہتر بنانے کی غرض سے ای بائیک اسکیم(ebike scheme) شروع کرنے کا اصولی فیصلہ کر لیا ہے، جس کے تحت اساتذہ کو بلاسود اقساط پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی جائیں گی۔ اس اقدام کا مقصد نہ صرف اساتذہ کے مالی بوجھ کو کم کرنا ہے بلکہ ماحول دوست ٹرانسپورٹ کو بھی فروغ دینا ہے۔
ذرائع کے مطابق سی ایم پنجاب ای بائیک ٹیچر اسکیم کے لیے آن لائن درخواستوں کا آغاز جلد متوقع ہے۔ اساتذہ Punjab Teachers Foundation کی ویب سائٹ کے ذریعے درخواست جمع کرا سکیں گے۔
درخواست دینے کے لیے قومی شناختی کارڈ، سروس سرٹیفکیٹ اور ڈرائیونگ لائسنس لازمی قرار دیا گیا ہے، جبکہ پاسپورٹ سائز تصویر بھی جمع کروانا ہوگی۔ درخواست مکمل کرنے کے بعد تصدیقی سلپ ڈاؤن لوڈ کرنا ضروری ہوگا، اور جانچ پڑتال کے بعد امیدواروں کو ایس ایم ایس یا ای میل کے ذریعے آگاہ کیا جائے گا۔
اس اسکیم کے تحت فراہم کی جانے والی ای بائیکس کی قیمت تقریباً 2 سے اڑھائی لاکھ روپے کے درمیان ہوگی، جس میں حکومت کی جانب سے 30 سے 40 فیصد سبسڈی دی جائے گی۔ باقی رقم اساتذہ آسان اقساط میں 2 سے 3 سال کے دوران ادا کریں گے۔
مزیدپڑھیں:صرف پانچ ہزار میں الیکٹرک بائیک حاصل کریں؟ نئی سکیم متعارف
توقع ہے کہ ماہانہ قسط 3600 سے 4200 روپے کے درمیان ہوگی، جبکہ بلاسود ادائیگی کے باعث یہ اسکیم اساتذہ کے لیے ایک بڑی سہولت ثابت ہو سکتی ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس طرح کے اقدامات نہ صرف تعلیمی شعبے سے وابستہ افراد کو ریلیف دیتے ہیں بلکہ ملک میں الیکٹرک وہیکلز کے استعمال کو بھی فروغ دیتے ہیں۔



