آئی ٹی گریجویٹس کے لیے بڑی خوشخبری، وزیراعلیٰ پنجاب انٹرن شپ پروگرام(Punjab IT Internship) کے دوسرے مرحلے کا آغاز
پنجاب میں آئی ٹی شعبے سے تعلق رکھنے والے نوجوانوں کے لیے وزیراعلیٰ پنجاب آئی ٹی انٹرن شپ پروگرام کے دوسرے مرحلے کی رجسٹریشن شروع کر دی گئی ہے، جس کے تحت منتخب امیدواروں کو 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ اور ملک کی معروف آئی ٹی کمپنیوں میں عملی تجربہ حاصل کرنے کا موقع فراہم کیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ نے پروگرام کے دوسرے بیچ کے لیے آن لائن رجسٹریشن کا آغاز کر دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد آئی ٹی گریجویٹس کو صنعت کے ساتھ جوڑ کر انہیں ڈیجیٹل معیشت میں مؤثر کردار ادا کرنے کے قابل بنانا ہے۔
پروگرام کے تحت منتخب امیدواروں کو 5 ماہ تک مختلف معروف آئی ٹی فرمز میں کام کرنے کا موقع ملے گا، جہاں وہ جدید ٹیکنالوجی، سافٹ ویئر ڈویلپمنٹ اور پروفیشنل اسکلز میں عملی تربیت حاصل کریں گے۔ انٹرن شپ مکمل کرنے والے نوجوانوں کو حکومت کی جانب سے 50 ہزار روپے ماہانہ وظیفہ بھی دیا جائے گا۔
مزیدپڑھیں:بلوچستان میں مسلح حملہ، نجی کمپنی کے 10 ملازم جاں بحق، 5 زخمی
اہلیت کے مطابق درخواست دہندہ نے گزشتہ 4 سال کے دوران کمپیوٹر سائنس، آئی ٹی یا متعلقہ شعبے میں ڈگری مکمل کی ہو۔ امیدوار کے پاس پنجاب کا ڈومیسائل اور درست شناختی کارڈ ہونا بھی ضروری قرار دیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق وظیفے کی ادائیگی کارکردگی اور ایچ ای سی سے تصدیق شدہ ڈگری کی بنیاد پر کی جائے گی۔
پروگرام کے چیئرمین فیصل یوسف کا کہنا ہے کہ یہ انٹرن شپ پروگرام نوجوانوں اور انڈسٹری کے درمیان ایک مضبوط پل کا کردار ادا کرے گا، جس سے نہ صرف روزگار کے مواقع بڑھیں گے بلکہ پنجاب میں ڈیجیٹل معیشت کو بھی فروغ ملے گا۔

