Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

’’ابو میری غلطیاں معاف، بچوں کا خیال رکھیے گا‘‘ صومالی قزاقوں کے ہاتھوں یرغمال پاکستانی نوجوان کا درد میں ڈوبا آڈیو پیغام

صومالیہ(Somalia) کے ساحل کے قریب آئل ٹینکر پر قزاقوں کے حملے کے بعد اغوا کیے گئے پاکستانی عملے کے ارکان کے اہل خانہ شدید کرب اور اضطراب میں مبتلا ہیں، جبکہ سوشل میڈیا پر ایک مغوی نوجوان کی دل دہلا دینے والی آڈیو وائرل ہو گئی ہے۔

تفصیلات کے مطابق 21 اپریل کو صومالیہ کے قریب سمندر میں موجود ایک آئل ٹینکر پر حملہ کیا گیا، جس کے بعد قزاقوں نے جہاز کو قبضے میں لے لیا اور اس میں سوار 11 پاکستانیوں کو یرغمال بنا لیا۔ متاثرہ افراد میں کراچی سے تعلق رکھنے والے نوجوان بھی شامل ہیں، جن میں امین بن شمس نامی نوجوان کی آڈیو نے اہل خانہ اور عوام کو جھنجھوڑ کر رکھ دیا ہے۔

وائرل ہونے والی آڈیو میں امین اپنے والد کو مخاطب کرتے ہوئے انتہائی خوف اور جذباتی کیفیت میں کہتا ہے کہ انہیں قزاقوں نے یرغمال بنا لیا ہے اور انہیں نامعلوم مقام پر لے جایا جا رہا ہے، جہاں ان کی جان کو خطرہ ہے۔ نوجوان اپنی غلطیوں پر معافی مانگتے ہوئے اپنے اہل خانہ کو حوصلہ رکھنے اور صبر کرنے کی تلقین بھی کرتا ہے۔

دوسری جانب مغوی نوجوان کے والد نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ ان کا بیٹا روزگار کے سلسلے میں پہلی بار سمندر کے سفر پر گیا تھا، اور اس واقعے نے پورے خاندان کو شدید صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔ انہوں نے حکومتِ پاکستان سے اپیل کی ہے کہ ان کے بیٹے سمیت تمام مغویوں کی بحفاظت واپسی کے لیے فوری اقدامات کیے جائیں۔

بریڈفورڈ کی معروف سماجی رہنما بانا گورا انتقال کر گئیں

مغوی کی اہلیہ نے بھی جذباتی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انہیں خدشہ ہے کہ شاید وہ اپنے شوہر سے دوبارہ ملاقات نہ کر سکیں، کیونکہ صورتحال انتہائی تشویشناک ہے۔

شپنگ ذرائع کے مطابق “اونر 25” نامی جہاز پر حملہ کے بعد سے صورتحال کشیدہ ہے، جبکہ پاکستان کے 11 افراد اس وقت قزاقوں کی تحویل میں ہیں۔

دوسری جانب صومالیہ کی حکومت نے پاکستان کو یقین دہانی کرائی ہے کہ مغویوں کی بحفاظت بازیابی کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا، اور بین الاقوامی سطح پر بھی اس معاملے پر رابطے جاری ہیں۔

یہ واقعہ سمندری راستوں کی سیکیورٹی اور پاکستانی بحری عملے کے تحفظ سے متعلق سنگین سوالات کو ایک بار پھر اجاگر کر رہا ہے، جبکہ اہل خانہ کی دعائیں اور امیدیں اپنے پیاروں کی بحفاظت واپسی سے جڑی ہوئی ہیں۔

یہ بھی پڑھیں