پاکستان تحریک انصاف(PTI) کے اندرونی اختلافات ختم کرنے کے لیے بڑی پیش رفت سامنے آئی ہے، جہاں پارٹی قیادت، بانی عمران خان کی بہنوں اور تحریک تحفظ آئین کے رہنماؤں کی گرینڈ میٹنگ بلانے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق پارٹی کے تمام سینئر رہنماؤں کی مشترکہ بیٹھک اسلام آباد کے کے پی ہاؤس یا پشاور میں منعقد کیے جانے کا امکان ہے، جس میں پارٹی، بانی کے خاندان اور تحریک تحفظ آئین سے متعلق تمام معاملات زیر غور آئیں گے۔
ذرائع کے مطابق اجلاس میں پارٹی کے اندر جاری اختلافات اور باہمی تنازعات کو ختم کرنے، آئندہ کا لائحہ عمل طے کرنے اور مشترکہ بیانیہ بنانے پر غور کیا جائے گا۔ اس کے علاوہ بانی کی بہنوں کو حکومت سے مذاکرات، جیل میں ملاقاتوں اور عدالتی کارروائیوں سے متعلق بھی تفصیلی بریفنگ دی جائے گی۔
اجلاس میں بانی کی بہنوں کے تحفظات، احتجاجی سیاست کے حوالے سے حکمت عملی اور پارٹی کے اندرونی نظم و ضبط پر بھی بات چیت ہوگی، جبکہ سوشل میڈیا کے استعمال اور قیادت پر ہونے والی تنقید کو بھی زیر بحث لایا جائے گا۔
انٹربینک میں ڈالر کی قدر میں ایک پیسے کی کمی
گرینڈ جرگے سے قبل سلمان اکرم راجہ اور سہیل آفریدی بانی کی بہنوں سے ملاقات کریں گے اور انہیں مشاورتی اجلاس میں شرکت کی دعوت دی جائے گی۔ اس سے قبل محمود خان اچکزئی بھی بانی کی بہنوں سے ملاقات کر چکے ہیں۔
پارٹی ذرائع کا کہنا ہے کہ اس گرینڈ بیٹھک کا باضابطہ اعلان جلد متوقع ہے، جسے پارٹی کے اندرونی اتحاد کے لیے اہم پیش رفت قرار دیا جا رہا ہے۔

