لاہور کے ایک پوش علاقے میں ہونے والی چوری کی واردات (Robbery)نے اس وقت نیا رخ اختیار کیا جب پولیس تفتیش کے دوران ایک پورے خاندانی نیٹ ورک کا انکشاف سامنے آیا۔
تفصیلات کے مطابق اپریل کے اوائل میں معروف ٹک ٹاکر اسد اسحاق کے گھر ڈکیتی کی واردات پیش آئی۔ تھانہ ہیر میں درج مقدمے کے مطابق ملزمان قیمتی سامان لے اڑے، جن میں تقریباً 15 لاکھ روپے مالیت کا سونی کیمرہ، ایپل لیپ ٹاپ، زیورات اور دیگر اشیاء شامل تھیں۔ واقعے کے بعد متاثرہ ٹک ٹاکر اور ان کی اہلیہ کی سوشل میڈیا ویڈیوز تیزی سے وائرل ہوئیں۔
متاثرہ فریق کے مطابق معاملہ اعلیٰ حکام تک پہنچا جس کے بعد حکومتی شخصیات نے بھی رابطہ کر کے یقین دہانی کروائی کہ ملزمان کو گرفتار کر کے مسروقہ سامان برآمد کیا جائے گا۔
چند ہفتوں کی تحقیقات کے بعد لاہور پولیس نے چار رکنی گینگ کو گرفتار کر لیا۔ کارروائی کی نگرانی ڈی آئی جی آپریشنز فیصل کامران نے کی جبکہ ایس ایس پی آپریشنز اور تھانہ ہیر کی ٹیم بھی شامل رہی۔ گرفتار ملزمان میں سرغنہ ابراہیم عرف اے بی، علی حمزہ، محمد ساجد اور آسیہ بی بی شامل ہیں۔
تحقیقات کے دوران سب سے حیران کن پہلو یہ سامنے آیا کہ گرفتار تمام افراد آپس میں قریبی رشتہ دار ہیں اور ان کے خاندان کے دیگر افراد بھی ماضی میں اسی نوعیت کی وارداتوں میں ملوث رہے ہیں۔
ایس ایس پی آپریشنز توقیر نعیم کے مطابق اس گینگ کے متعدد افراد کے خلاف پہلے بھی مقدمات درج ہیں اور ان کے خاندان کی بزرگ خواتین اور والدین بھی مبینہ طور پر چوری جیسے جرائم میں ملوث رہے ہیں، جس سے یہ ظاہر ہوتا ہے کہ یہ سرگرمیاں نسل در نسل جاری رہی ہیں۔
پولیس کے مطابق ملزمان نہایت منظم طریقے سے وارداتیں کرتے تھے۔ پہلے خالی گھروں کی ریکی کی جاتی، پھر موقع ملنے پر دیوار پھلانگ کر اندر داخل ہو کر قیمتی سامان چوری کیا جاتا۔ واردات کے بعد سامان فوری طور پر شہر سے باہر قصور اور نور پور نہر کے اطراف منتقل کر دیا جاتا تاکہ گرفتاری سے بچا جا سکے۔
IQ ٹیسٹ: کیا آپ 30 سیکنڈز میں بتا سکتے ہیں کہ کس گلاس میں زیادہ پانی ہے؟
حکام کا کہنا ہے کہ کیس کو ٹریس کرنے کے لیے جدید اور روایتی دونوں طریقے استعمال کیے گئے۔ سی سی ٹی وی فوٹیج کے بعد جیو فینسنگ اور کال ریکارڈز کے ذریعے ہزاروں افراد کا ڈیٹا کھنگالا گیا، جس سے 25 مشتبہ افراد کی نشاندہی ہوئی اور بالآخر چار مرکزی ملزمان تک رسائی حاصل کی گئی۔
پولیس کے مطابق دو سے تین ہفتوں پر محیط کارروائیوں کے دوران مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر ملزمان کو گرفتار کیا گیا، جبکہ مکمل مال مسروقہ بھی برآمد کر لیا گیا ہے، جس میں ایپل لیپ ٹاپ، سونی کیمرہ، زیورات، مہنگے پرفیومز اور قیمتی ملبوسات شامل ہیں۔
مزید برآں تفتیش کے دوران اسی گینگ کی دیگر وارداتوں کا بھی سراغ ملا ہے، جن میں سے دو کیسز میں بھی چوری شدہ سامان برآمد کر لیا گیا ہے۔

