اسلام آباد: خیبرپختونخوا، آزاد کشمیر اور ملک کے مختلف علاقوں میں کہیں موسلادھار جبکہ کہیں ہلکی بارش(Rain) کے بعد موسم خوشگوار ہو گیا، جس سے گرمی کی شدت میں واضح کمی ریکارڈ کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات پاکستان نے آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران بھی ملک کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، راولپنڈی، مری، آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کے مختلف علاقوں میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان موجود ہے، جبکہ بعض مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کا سلسلہ بھی جاری رہ سکتا ہے۔
پنجاب کے شہروں لاہور، فیصل آباد، گوجرانوالہ اور سرگودھا میں بھی چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جس سے موسم نسبتاً ٹھنڈا رہنے کی توقع ظاہر کی جا رہی ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع پشاور، مردان، نوشہرہ، مانسہرہ، صوابی، چارسدہ اور باجوڑ میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے، جبکہ بالائی علاقوں دیر، چترال، مالاکنڈ اور سوات میں گرج چمک کے ساتھ بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
بھارت نے دھوکا دیا، اداکارہ مندانا کریمی کا ایران واپسی کا فیصلہ
اسی طرح ایبٹ آباد، ہری پور اور گردونواح میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث بعض نشیبی علاقوں میں پانی جمع ہونے اور پہاڑی مقامات پر لینڈ سلائیڈنگ کے خدشات بھی ظاہر کیے جا رہے ہیں۔
ماہرین موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں سے درجہ حرارت میں کمی آئے گی اور خشک موسم کا سلسلہ وقتی طور پر ختم ہونے کا امکان ہے، تاہم شہریوں کو خراب موسم کے دوران غیر ضروری سفر سے احتیاط برتنے کی ہدایت بھی کی گئی ہے۔
