اسلام آباد: شہباز شریف(Shehbaz Sharif) نے سیکیورٹی اداروں کی استعداد کار بڑھانے کے لیے انہیں جدید آلات اور جدید ٹیکنالوجی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام کے جان و مال کا تحفظ ہر صورت یقینی بنایا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کی زیر صدارت امن و امان اور وزارت داخلہ پاکستان کے امور سے متعلق اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں وفاقی وزرا محسن نقوی، اسحاق ڈار، احسن اقبال اور محمد اورنگزیب نے شرکت کی۔
اجلاس کے دوران ملک کی داخلی سیکیورٹی، قانون نافذ کرنے والے اداروں کی کارکردگی اور ادارہ جاتی اصلاحات سے متعلق امور کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔
وزیراعظم نے کہا کہ حکومت عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے گی، جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں اضافے کے لیے انہیں جدید سہولیات اور تربیت فراہم کی جائے گی۔
انہوں نے اداروں میں کرپشن کے خاتمے کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی پر سختی سے عملدرآمد کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی سمیت تمام اداروں میں بھرتیاں مکمل طور پر میرٹ کی بنیاد پر کی جائیں۔
پنجاب حکومت کا اسکولوں کو سمر کیمپس لگانے کی اجازت دینے کا فیصلہ
وزیراعظم کا کہنا تھا کہ جدید سیکیورٹی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے اہلکاروں کو جدید خطوط پر تربیت دینا وقت کی اہم ضرورت ہے۔
اجلاس میں وزیر داخلہ محسن نقوی نے فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی، اسلام آباد پولیس اور کیپیٹل ڈیولپمنٹ اتھارٹی کی کارکردگی پر بریفنگ بھی دی۔
بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں زیر تعمیر نئی جیل رواں سال ستمبر تک فعال ہو جائے گی، جس سے قیدیوں کی گنجائش اور سیکیورٹی انتظامات میں بہتری آئے گی۔


