Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

کراچی کی “کوکین کوئین” پنکی کے نیٹ ورک سے متعلق بڑے انکشافات

کوکین کوئین پنکی

کراچی پولیس نے منشیات فروشی کے بڑے نیٹ ورک سے متعلق اہم انکشافات کرتے ہوئے بتایا ہے کہ گرفتار ملزمہ کوکین کوئین پنکی کے گروہ میں 20 خواتین شامل ہیں۔ ایڈیشنل آئی جی کراچی آزاد خان نے کہا ہے کہ کیس کی تحقیقات کیلئے خصوصی ٹیم تشکیل دی گئی ہے جس کی نگرانی وہ خود کریں گے۔

کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے آزاد خان نے بتایا کہ گرفتار ملزمہ کے خلاف سندھ میں 20 جبکہ لاہور میں 3 مقدمات درج ہیں۔ پولیس کے مطابق اب تک 9 مقدمات میں ملزمہ کی گرفتاری ظاہر کی جا چکی ہے۔

حکام کے مطابق کوکین کوئین پنکی 2014 سے منشیات کے کاروبار میں سرگرم تھی جبکہ 2018 میں اس نے کراچی میں اپنا نیٹ ورک مضبوط کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نگرانی بڑھنے پر ملزمہ لاہور منتقل ہوگئی تھی۔

پولیس نے انکشاف کیا کہ ملزمہ کے موبائل فون سے 879 فون نمبرز برآمد ہوئے ہیں جن کی مدد سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ 12 مئی کو خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے پولیس نے ایک بااثر خاتون سمیت ملزمہ کو گرفتار کیا تھا۔

ایڈیشنل آئی جی کراچی کے مطابق کارروائی کے دوران ایک 9 ایم ایم پستول بھی برآمد کیا گیا جبکہ ملزمہ کے خلاف گارڈن تھانے میں مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ گرفتار خاتون کو اسی روز عدالت میں پیش کیا گیا۔

پولیس نے مزید بتایا کہ کیس کی تحقیقات میں غفلت برتنے پر تین افسران کو معطل بھی کیا گیا ہے۔ حکام کا کہنا ہے کہ نیٹ ورک سے جڑے دیگر افراد کی گرفتاری کیلئے چھاپے مارے جا رہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں