پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین محسن نقوی بھارت دورہ سے متعلق خبروں کے بعد ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئے ہیں۔ رپورٹس کے مطابق انہیں بھارتی شہر احمد آباد میں ہونے والے آئی پی ایل فائنل اور آئی سی سی بورڈ اجلاس میں شرکت کی دعوت موصول ہوئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ محسن نقوی کے بھارت جانے یا نہ جانے کا حتمی فیصلہ وزیراعظم شہباز شریف کریں گے۔ آئی پی ایل کا فائنل 31 مئی کو احمد آباد میں شیڈول ہے، جہاں دنیا بھر کی کرکٹ شخصیات کی شرکت متوقع ہے۔
دوسری جانب کرکٹ ویب سائٹ کی رپورٹ کے مطابق آئی سی سی اجلاس دو مراحل میں منعقد ہوں گے۔ آئی سی سی چیف ایگزیکٹو کمیٹی کا ورچوئل اجلاس 21 مئی کو ہوگا جبکہ آئی سی سی بورڈ اجلاس 30 اور 31 مئی کو احمد آباد میں رکھا گیا ہے۔
رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ آئی سی سی بورڈ اجلاس کو آئی پی ایل فائنل کے موقع پر ہی منعقد کیا جا رہا ہے، جس میں پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کی شرکت متوقع تھی۔
تاہم موجودہ سیاسی اور سفارتی صورتحال کے باعث محسن نقوی بھارت دورہ کے امکانات کم دکھائی دے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق سیکیورٹی اور دوطرفہ تعلقات کی صورتحال کو بھی مدنظر رکھا جا رہا ہے۔
واضح رہے کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ تعلقات گزشتہ چند برسوں سے محدود ہیں، جس کے باعث دونوں ممالک کے درمیان کسی بھی اعلیٰ سطحی کرکٹ رابطے کو خاص اہمیت دی جاتی ہے۔

