Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ترقیاتی بجٹ میں بہتر کارکردگی والی وزارتوں کو ترجیح دینے کا اعلان

ترقیاتی بجٹ

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا ہے کہ آئندہ مالی سال میں ترقیاتی بجٹ کی تقسیم کارکردگی کی بنیاد پر کی جائے گی اور بہتر نتائج دینے والی وزارتوں کو ترجیحی فنڈز فراہم کیے جائیں گے۔

اسلام آباد میں وزیراعظم کی زیر صدارت رواں مالی سال کے پبلک سیکٹر ڈیولپمنٹ پروگرام (PSDP) اور آئندہ مالی سال کے ترقیاتی منصوبوں سے متعلق اہم جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔ اجلاس میں مختلف وزارتوں کے ترقیاتی منصوبوں، فنڈز اور جاری اسکیموں پر تفصیلی غور کیا گیا۔

وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ عوام کا پیسہ صرف ایسے منصوبوں پر خرچ کیا جائے گا جن کے مثبت اور یقینی نتائج سامنے آئیں۔ انہوں نے واضح کیا کہ ترقیاتی بجٹ کا مقصد عوامی فلاح، معاشی بہتری اور بنیادی ڈھانچے کو مضبوط بنانا ہے۔

شہباز شریف کے مطابق پانی ذخیرہ کرنے والے منصوبے اور پن بجلی اسکیمیں حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں۔ اجلاس میں داسو ڈیم، دیامر بھاشا ڈیم اور مہمند ڈیم سمیت اہم قومی منصوبوں پر پیش رفت سے بھی آگاہ کیا گیا۔

وزیراعظم نے پانڈا بانڈز کے کامیاب اجرا پر وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی تعریف کی جبکہ ریلوے، آئی ٹی اور پاور ڈویژن کی کارکردگی کو بھی سراہا۔

اجلاس میں ترقیاتی منصوبوں میں پبلک پرائیویٹ پارٹنرشپ کو مزید فروغ دینے کی ہدایت بھی جاری کی گئی تاکہ سرمایہ کاری اور ترقیاتی عمل کو تیز کیا جا سکے۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم اسحاق ڈار سمیت وفاقی وزرا اور اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔

یہ بھی پڑھیں