وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں کاروباری اوقات سے متعلق اہم پیش رفت سامنے آگئی ہے۔ ضلعی انتظامیہ کی جانب سے نیا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا ہے جس کے تحت مختلف کاروباری مراکز اور دکانوں کو پابندیوں سے استثنیٰ فراہم کیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام دکانیں، مارکیٹیں اور شاپنگ مالز کاروباری اوقات کی سابقہ پابندیوں سے مستثنیٰ ہوں گے۔ اسی طرح ریستوران، کھانے پینے کی دکانیں اور تندور بھی اس رعایت میں شامل کیے گئے ہیں۔
حکام کے مطابق کریانہ اسٹورز، گوشت فروش، پھل و سبزی فروشوں کے علاوہ بیکریوں اور خشک میوہ جات کی دکانوں کو بھی استثنیٰ دیا گیا ہے تاکہ شہریوں کو روزمرہ ضروریات کی خریداری میں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ کاروباری اوقات سے متعلق یہ استثنیٰ 31 مئی تک نافذ العمل رہے گا۔ تاہم شادی ہالز اور مارکیز کیلئے الگ اوقات مقرر کیے گئے ہیں۔
نوٹیفکیشن کے مطابق شادی ہال اور مارکیز رات 10 بجے بند کرنا لازمی ہوگا جبکہ کمرشل مقامات پر تقریبات بھی رات 10 بجے تک ختم کرنا ہوں گی۔
حکام نے واضح کیا ہے کہ یہ نوٹیفکیشن فوری طور پر نافذ العمل ہوگا اور متعلقہ ادارے اس پر عملدرآمد یقینی بنائیں گے۔