نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے نئے این ڈی ایم اے الرٹ میں ملک کے مختلف علاقوں میں بارش، گرج چمک، تیز ہواؤں اور ژالہ باری کی پیشگوئی کر دی ہے۔ ادارے کے مطابق آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران متعدد شہروں میں موسم خراب رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں مری، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور منڈی بہاؤالدین میں بارش متوقع ہے۔ اس کے علاوہ خیبرپختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈیرہ اسماعیل خان میں بھی بارش اور تیز ہواؤں کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
رپورٹ کے مطابق بلوچستان کے شہروں کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلعہ سیف اللہ، چمن اور پشین میں بھی بارش ہو سکتی ہے، جبکہ گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
این ڈی ایم اے الرٹ میں خبردار کیا گیا ہے کہ بعض علاقوں میں ژالہ باری اور آسمانی بجلی کمزور تعمیرات، درختوں، بجلی کی لائنوں اور کھڑی فصلوں کو نقصان پہنچا سکتی ہے۔ بارش کے باعث سڑکیں پھسلن کا شکار ہونے اور ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔
این ڈی ایم اے نے شہریوں کو غیر ضروری سفر سے گریز، احتیاط سے گاڑی چلانے اور موسمی ہدایات پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔ سیاحوں اور مسافروں کو بھی شمالی علاقوں کا سفر کرنے سے پہلے موسم اور سڑکوں کی صورتحال چیک کرنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ادارے نے تمام صوبائی اور ضلعی انتظامیہ کو الرٹ رہنے اور ممکنہ ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے پیشگی اقدامات کرنے کی ہدایت جاری کر دی ہے۔

