بھمبر میں ڈپٹی کمشنر ایکسائز سرکل تعینات ہونے کے بعد علی اصغر بخاری نے فوری اور سخت انتظامی اقدامات کرتے ہوئے سات ٹول اور ایکسائز پوسٹوں پر تعینات 10 اہلکاروں کو تبدیل کر دیا۔
ذرائع کے مطابق نئے تعینات ہونے والے افسر نے ذمہ داریاں سنبھالتے ہی ایکسائز نظام کو مزید مؤثر بنانے اور ٹیکس ریونیو میں اضافے کے لیے عملی اقدامات شروع کر دیے ہیں۔ علی اصغر بخاری نے بھمبر میں قائم مختلف سیگریٹ فیکٹریوں کا دورہ بھی کیا اور وہاں موجود عملے و مالکان کو واضح ہدایات جاری کیں۔
انہوں نے فیکٹری مالکان کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ٹیکس ریونیو کے راستے میں کسی قسم کی رکاوٹ یا غیر قانونی سرگرمی برداشت نہیں کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اگر کوئی شخص یا اہلکار غیر قانونی اقدامات میں ملوث پایا گیا تو اس کے خلاف فوری اور سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔
ڈپٹی کمشنر ایکسائز نے متعلقہ عملے کو ہدایت کی کہ ریونیو وصولی کے نظام کو شفاف اور مؤثر بنایا جائے تاکہ حکومتی خزانے کو نقصان پہنچانے والے عناصر کے خلاف کارروائی کی جا سکے۔ انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ تمام اہلکار اپنی ذمہ داریاں ایمانداری اور قانون کے مطابق انجام دیں۔
ذرائع کے مطابق بھمبر میں حالیہ اقدامات کے بعد ایکسائز سرکل میں سرگرمیاں مزید تیز ہوگئی ہیں جبکہ مختلف حلقوں میں اس کارروائی کو اہم پیشرفت قرار دیا جا رہا ہے۔