پاکستان ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن میں ایک بڑی سفارتی اور اقتصادی کامیابی حاصل کرتے ہوئے پہلی مرتبہ 70 سال بعد ڈبلیو سی او پالیسی کمیشن کے لیے منتخب ہو گیا ہے۔ اس کامیابی کو عالمی سطح پر پاکستان کسٹمز کے لیے اہم سنگ میل قرار دیا جا رہا ہے۔
فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کے مطابق پاکستان کسٹمز 2026 سے 2028 تک ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن (WCO) پالیسی کمیشن کا حصہ رہے گا۔ ایشیا پیسیفک خطے میں سخت مقابلے کے بعد پاکستان نے یہ اہم نشست حاصل کی۔
ایف بی آر حکام کا کہنا ہے کہ پاکستان سنگل ونڈو ماڈل اور کسٹمز کے شعبے میں کی گئی ڈیجیٹل اصلاحات کو عالمی سطح پر بھرپور پذیرائی ملی۔ ہانگ کانگ میں منعقدہ آر ایچ سی اے اجلاس کے دوران پاکستان کی پیش رفت کو مختلف ممالک نے سراہا۔
پاکستان ورلڈ کسٹمز آرگنائزیشن میں نمائندگی حاصل کرنے کے بعد عالمی کسٹمز پالیسی سازی میں بھی مؤثر کردار ادا کرے گا۔ حکام کے مطابق اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کسٹمز کی بین الاقوامی حیثیت مضبوط ہوئی بلکہ تجارتی اور سفارتی سطح پر بھی ملک کا مثبت تشخص اجاگر ہوا ہے۔
ایف بی آر نے بتایا کہ سید اسد رضا رضوی کی سفارتی کاوشیں اس کامیابی میں اہم ثابت ہوئیں جبکہ پاکستان سنگل ونڈو کے نمائندگان کی پریزنٹیشن کو بھی عالمی سطح پر سراہا گیا۔
اس موقع پر پاکستان اور ہانگ کانگ کسٹمز کے درمیان ویلڈ اے پی معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے، جس سے دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو مزید فروغ ملے گا۔