لاہور کی گورنمنٹ کالج یونیورسٹی میں کنٹریکٹ پر تعینات اساتذہ کو گزشتہ پانچ ماہ سے تنخواہیں نہ ملنے کا انکشاف سامنے آیا ہے۔ جی سی یونیورسٹی اساتذہ تنخواہیں نہ ملنے کے باعث شدید مالی مشکلات کا شکار ہیں جبکہ عید الاضحیٰ قریب ہونے کے باوجود انہیں ادائیگیاں نہیں کی گئیں۔
متاثرہ اساتذہ کے مطابق کئی ماہ گزر جانے کے باوجود انہیں تنخواہیں جاری نہیں کی جا رہیں، جس کی وجہ سے گھریلو اخراجات پورے کرنا مشکل ہو گیا ہے۔ اساتذہ نے شکوہ کیا کہ یونیورسٹی عید تعطیلات کے لیے بند ہونے جا رہی ہے لیکن اب تک انہیں کوئی واضح یقین دہانی نہیں کرائی گئی۔
اساتذہ کا کہنا ہے کہ مہنگائی کے موجودہ دور میں مسلسل پانچ ماہ بغیر تنخواہ گزارنا انتہائی مشکل ہو چکا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ فوری طور پر بقایا جات ادا کیے جائیں تاکہ وہ عید اپنے اہل خانہ کے ساتھ سکون سے گزار سکیں۔
دوسری جانب یونیورسٹی انتظامیہ نے مؤقف اختیار کیا ہے کہ بعض اساتذہ کی تنخواہیں آڈٹ اعتراضات کی وجہ سے رکی ہوئی ہیں۔ ترجمان جی سی یونیورسٹی کے مطابق تقریباً 20 اساتذہ کی ادائیگیاں اسی وجہ سے مؤخر ہوئیں۔
ترجمان نے مزید کہا کہ جیسے ہی آڈٹ اعتراضات ختم ہوں گے، تمام واجبات فوری طور پر ادا کر دیے جائیں گے۔ تاہم متاثرہ اساتذہ کا کہنا ہے کہ انہیں صرف وعدے دیے جا رہے ہیں جبکہ عملی طور پر کوئی پیش رفت نظر نہیں آ رہی۔
جی سی یونیورسٹی اساتذہ تنخواہیں کا معاملہ سوشل میڈیا پر بھی زیر بحث آ گیا ہے اور مختلف حلقے اساتذہ کے حق میں آواز اٹھا رہے ہیں۔