Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

حکومت نے بین الاقوامی این جی اوز کیلئے رجسٹریشن قوانین سخت کردیے

بین الاقوامی این جی اوز

حکومت پاکستان نے بین الاقوامی این جی اوز کی رجسٹریشن کے قوانین مزید سخت کرتے ہوئے نئی شرائط اور اضافی دستاویزات جمع کرانا لازمی قرار دے دیا ہے۔ اس اقدام کا مقصد غیر ملکی غیر سرکاری تنظیموں کے مالی اور انتظامی معاملات کو زیادہ شفاف بنانا بتایا جا رہا ہے۔

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق انکم ٹیکس رولز 2002 میں اہم ترامیم کی گئی ہیں۔ نئی پالیسی کے تحت پاکستان میں کام کرنے والی بین الاقوامی غیر منافع بخش تنظیموں کو رجسٹریشن کے وقت وزارت داخلہ سے جاری کردہ این او سی، حکومت پاکستان کے ساتھ مفاہمتی یادداشت (ایم او یو) اور مقامی رہائش کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا۔

ایف بی آر کے مطابق بین الاقوامی این جی اوز کو اب کمپیوٹرائزڈ قومی شناختی کارڈ، نائیکوپ، پی او سی یا غیر ملکی پاسپورٹ کی تفصیلات بھی جمع کرانا ہوں گی۔ اس کے علاوہ کاروباری پتہ، فون نمبر، اکاؤنٹنگ مدت، مرکزی سرگرمی اور پاکستان میں مجاز نمائندے کی مکمل معلومات فراہم کرنا بھی لازمی قرار دیا گیا ہے۔

نوٹیفکیشن کے تحت بیرون ملک رجسٹریشن یا انکارپوریشن دستاویزات، متعلقہ سفارت خانے سے تصدیقی خط اور مجاز نمائندے کی تقرری کے لیے اتھارٹی لیٹر بھی جمع کرانا ہوگا۔

حکومت نے غیر ملکی تنظیموں کو اپنے ڈائریکٹرز، ٹرسٹیز، شراکت داروں اور بڑے شیئر ہولڈرز کی تفصیلات فراہم کرنے کا بھی پابند بنا دیا ہے، جن میں نام، قومیت، پاسپورٹ نمبر اور حصص کی شرح شامل ہوگی۔

حکام کے مطابق ان اقدامات کا مقصد مالیاتی نظام کو مزید دستاویزی بنانا اور ملک میں کام کرنے والی بین الاقوامی تنظیموں کی سرگرمیوں کی مؤثر نگرانی کو یقینی بنانا ہے۔

یہ بھی پڑھیں