کوئٹہ: عید کے موقع پر مسافروں کی سہولت کے لیے عیدالاضحیٰ اسپیشل ٹرینیں چلانے کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت پہلی خصوصی ٹرین کوئٹہ سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہو گئی ہے۔
پاکستان ریلویز کے ترجمان کے مطابق یہ ٹرین آج صبح 10 بجے کوئٹہ سے روانہ ہوئی، جس میں 8 اکانومی کوچز اور ایک پاور وین شامل ہے۔ ٹرین میں 500 سے زائد مسافروں کے سفر کرنے کی گنجائش موجود ہے۔
یہ خصوصی ٹرین اپنے روٹ کے دوران سبی، جیکب آباد، سکھر، ملتان اور لاہور سمیت مختلف اہم شہروں سے گزرتے ہوئے 24 مئی کو راولپنڈی پہنچے گی۔ عید کے موقع پر بڑھتے ہوئے رش کے پیش نظر ریلویز نے انتظامات مزید بہتر بنانے کی ہدایات بھی جاری کی ہیں۔
ترجمان کے مطابق کراچی سے بھی دو مزید خصوصی ٹرینیں چلائی جائیں گی۔ دوسری ٹرین 24 مئی کو کراچی سے راولپنڈی کے لیے روانہ ہوگی جو ملتان، فیصل آباد اور سرگودھا کے راستے اپنی منزل تک پہنچے گی۔ جبکہ تیسری اور آخری اسپیشل ٹرین 25 مئی کو کراچی سے لاہور کے لیے روانہ ہوگی۔
حکام کے مطابق تمام اسپیشل ٹرینوں میں 7 سے 8 کوچز شامل کی گئی ہیں تاکہ زیادہ سے زیادہ مسافروں کو سہولت فراہم کی جا سکے۔ تاہم عیدالاضحیٰ اسپیشل ٹرینوں کے روٹس میں پشاور کو شامل نہ کیے جانے پر وہاں کے مسافروں میں تشویش پائی جا رہی ہے۔
ریلوے حکام کا کہنا ہے کہ عید کے دوران مسافروں کے رش کو کم کرنے اور سفر کو آسان بنانے کے لیے یہ خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔

