لاہور: عید کے موقع پر شہریوں سے مبینہ طور پر ’عیدی‘ کے نام پر پیسے وصول کرنے والے پولیس اہلکاروں کے خلاف پولیس اہلکاروں کے خلاف کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے، جس کے تحت بھیک مانگنے کی دفعات کے تحت مقدمات درج کیے گئے ہیں۔
محکمہ پولیس کے مطابق ایسے اہلکار جو شہریوں سے غیر قانونی طور پر پیسے مانگ کر ادارے کی ساکھ کو نقصان پہنچا رہے تھے، ان کے خلاف سخت اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ ڈی آئی جی آپریشنز نے پہلے ہی فیلڈ افسران کو واضح ہدایات جاری کی تھیں کہ کسی بھی غیر قانونی سرگرمی یا اختیارات کے ناجائز استعمال سے اجتناب کیا جائے۔
ترجمان کے مطابق شاہدرہ اور اسلام پورہ کے علاقوں میں بعض پولیس اہلکاروں کی جانب سے شہریوں سے عیدی کے نام پر رقم طلب کرنے کی شکایات سامنے آئیں، جس پر فوری نوٹس لیتے ہوئے انکوائری شروع کی گئی۔
تحقیقات میں الزامات ثابت ہونے پر متعلقہ اہلکاروں کے خلاف تھانہ شاہدرہ میں مقدمہ درج کیا گیا جبکہ دوسرا مقدمہ تھانہ اسلام پورہ میں درج ہوا۔ مقدمات میں دفعہ 155-C اور گداگری ایکٹ شامل کیا گیا ہے۔
ڈی آئی جی آپریشنز نے واضح کیا ہے کہ عوام سے پیسے لے کر محکمہ پولیس کی ساکھ متاثر کرنے والوں کے لیے زیرو ٹالرنس پالیسی اپنائی گئی ہے۔ ایسے عناصر کے خلاف نہ صرف قانونی کارروائی ہوگی بلکہ محکمانہ سطح پر بھی سخت فیصلے کیے جائیں گے۔
انہوں نے کہا کہ محکمہ پولیس میں ایسے عناصر کی کوئی گنجائش نہیں جو اپنے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہیں یا عوام کو تنگ کرتے ہیں۔