Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

گندم کی آزاد نقل و حرکت یقینی بنائی جائے، فیصل کریم کنڈی

گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت

پشاور: گورنر خیبر پختونخوا فیصل کریم کنڈی نے کہا ہے کہ گندم کی بین الصوبائی نقل و حرکت پر عائد مصنوعی پابندیاں نہ صرف تشویشناک ہیں بلکہ یہ آئینی اور معاشی اصولوں کے بھی خلاف ہیں۔

اپنے ایک بیان میں فیصل کریم کنڈی نے کہا کہ پاکستان کے آئین کے تحت ملک بھر میں آزاد اور منصفانہ تجارت کی ضمانت دی گئی ہے، اس لیے صوبوں کے درمیان گندم کی ترسیل میں رکاوٹیں پیدا کرنا مناسب اقدام نہیں۔

انہوں نے زور دیا کہ پنجاب اور خیبر پختونخوا کے درمیان گندم کی آزادانہ نقل و حرکت کو یقینی بنایا جانا چاہیے تاکہ عوام کو خوراک کی قلت اور مہنگائی جیسے مسائل کا سامنا نہ کرنا پڑے۔

گورنر خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ گندم کی ترسیل پر غیر ضروری پابندیاں ذخیرہ اندوزی اور منافع خوری کو فروغ دیتی ہیں، جس کا براہ راست اثر عام شہری پر پڑتا ہے۔ ان کے مطابق ایسے اقدامات مارکیٹ میں مصنوعی قلت پیدا کرتے ہیں اور آٹے کی قیمتوں میں اضافے کا سبب بنتے ہیں۔

فیصل کریم کنڈی نے وزیراعظم سے مطالبہ کیا کہ گندم کی ترسیل کے حوالے سے فوری اقدامات کیے جائیں اور خیبر پختونخوا کو خصوصی ریلیف فراہم کیا جائے تاکہ عوام کو مشکلات سے بچایا جا سکے۔

انہوں نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ وفاقی حکومت صوبوں کے درمیان تجارتی رکاوٹیں ختم کرنے کے لیے سنجیدہ اقدامات کرے گی تاکہ معیشت کو مستحکم بنایا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں