لاہور: محکمہ موسمیات نے لاہور ہیٹ ویو الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ عیدالاضحیٰ کی چھٹیوں کے دوران صوبائی دارالحکومت سمیت وسطی پنجاب کے مختلف علاقے شدید گرمی کی لپیٹ میں رہیں گے۔
میٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق 25 مئی سے 30 مئی تک لاہور اور گردونواح میں ہیٹ ویو کی صورتحال برقرار رہنے کا امکان ہے، جبکہ ان دنوں بارش کے امکانات نہ ہونے کے برابر ہیں۔ محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہیٹ سٹروک اور سن سٹروک سے بچنے کیلئے خصوصی احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت کی ہے۔
رپورٹ کے مطابق آج لاہور میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 39 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ اتوار کے روز دوپہر کے وقت درجہ حرارت 41 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔ رات کے اوقات میں بھی گرمی کی شدت برقرار رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق شہر میں ہوا کی رفتار 14 کلومیٹر فی گھنٹہ رہی جبکہ نمی کا تناسب صرف 19 فیصد ریکارڈ کیا گیا، جس کی وجہ سے گرمی کی شدت مزید محسوس کی جا رہی ہے۔
ماہرین صحت نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید دھوپ میں غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں، زیادہ پانی استعمال کریں اور بچوں و بزرگوں کا خاص خیال رکھیں۔ خاص طور پر دوپہر 12 بجے سے شام 4 بجے تک کھلے آسمان تلے رہنے سے احتیاط برتنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
دوسری جانب شہر کا ایئر کوالٹی انڈیکس بھی 138 ریکارڈ کیا گیا، جو فضائی آلودگی میں اضافے کی نشاندہی کرتا ہے۔ ماہرین کے مطابق شدید گرمی اور آلودگی مل کر سانس اور جلد سے متعلق مسائل میں اضافہ کر سکتی ہے۔

