خیبرپختونخوا اسکول گرمیوں کی چھٹیاں سے متعلق محکمہ تعلیم نے اہم اعلامیہ جاری کرتے ہوئے صوبے کے میدانی اور بالائی سرد اضلاع کے تعلیمی اداروں کیلئے موسمِ گرما کی تعطیلات کا شیڈول جاری کر دیا ہے۔
محکمہ تعلیم خیبرپختونخوا کے مطابق میدانی علاقوں میں قائم پرائمری اسکول یکم جون سے 31 اگست 2026 تک بند رہیں گے۔ جبکہ مڈل، ہائی اور ہائر سیکنڈری اسکولوں میں تعطیلات 15 جون سے 16 اگست 2026 تک ہوں گی۔
اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ شدید گرمی اور بچوں کی صحت کو مدنظر رکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ طلبہ کو محفوظ اور بہتر تعلیمی ماحول فراہم کیا جا سکے۔
دوسری جانب صوبے کے بالائی اور سرد ترین پہاڑی اضلاع میں تعلیمی ادارے یکم جولائی سے 31 جولائی 2026 تک بند رہیں گے۔ محکمہ تعلیم کے مطابق ان علاقوں میں موسم نسبتاً ٹھنڈا رہتا ہے، اس لیے تعطیلات کا دورانیہ الگ رکھا گیا ہے۔
والدین اور طلبہ نے حکومت کے اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیا ہے، خاص طور پر ایسے وقت میں جب ملک کے مختلف علاقوں میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی صورتحال دیکھی جا رہی ہے۔
تعلیمی ماہرین کا کہنا ہے کہ تعطیلات کے دوران بچوں کو غیر نصابی سرگرمیوں، مطالعے اور صحت مند معمولات کی طرف توجہ دینی چاہیے تاکہ وہ نئی تعلیمی سرگرمیوں کیلئے تازہ دم رہیں