پنجاب صفائی آپریشن کے دوران عیدالاضحیٰ پر پہلی بار جدید ڈرون ٹیکنالوجی کا استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے صفائی کے عمل کی نگرانی اور کارکردگی کو مزید مؤثر بنایا گیا۔
ستھرا پنجاب ترجمان کے مطابق صوبے بھر میں عیدالاضحیٰ کے پہلے اور دوسرے روز ایک لاکھ 10 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اور دیگر باقیات کو محفوظ طریقے سے ٹھکانے لگایا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ صفائی آپریشن کو تیز اور شفاف بنانے کیلئے جدید ٹیکنالوجی سے مدد لی جارہی ہے۔
ترجمان کے مطابق صرف لاہور شہر سے 17 ہزار ٹن سے زائد آلائشیں اٹھا کر تلف کی گئیں جبکہ دیگر شہروں اور دیہی علاقوں میں بھی صفائی ٹیمیں مسلسل کام کر رہی ہیں۔
وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ مریم نواز خود پنجاب صفائی آپریشن کی نگرانی کر رہی ہیں اور تمام متعلقہ ادارے مکمل طور پر متحرک ہیں۔ ان کے مطابق صوبے کے تمام شہروں اور دیہات میں “ستھرا پنجاب” پروگرام کے تحت ٹیمیں ہر وقت فیلڈ میں موجود رہیں۔
انہوں نے بتایا کہ صفائی مہم میں ایک لاکھ 84 ہزار سے زائد ورکرز حصہ لے رہے ہیں، جو آلائشیں اٹھانے کے بعد گلیوں، محلوں اور سڑکوں کو عرقِ گلاب سے دھو رہے ہیں تاکہ شہریوں کو صاف اور خوشگوار ماحول فراہم کیا جاسکے۔
