پیٹرول قیمت میں کمی کا اعلان کرتے ہوئے وفاقی حکومت نے عیدالاضحیٰ کے موقع پر عوام کو بڑا ریلیف دے دیا۔ حکومت کی جانب سے پیٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل دونوں کی قیمتوں میں 22 روپے فی لیٹر کمی کردی گئی ہے۔
وزیراعظم آفس کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ یہ فیصلہ عیدالاضحیٰ کے تیسرے روز قوم کیلئے تحفے کے طور پر کیا گیا۔ وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ عوام کو ریلیف فراہم کرنا حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہے۔
نئے نوٹیفکیشن کے مطابق پیٹرول کی نئی قیمت 381 روپے 78 پیسے فی لیٹر مقرر کی گئی ہے، جبکہ اس سے قبل پیٹرول 403 روپے 78 پیسے فی لیٹر فروخت ہو رہا تھا۔
اسی طرح ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت بھی 402 روپے 78 پیسے سے کم کرکے 380 روپے 78 پیسے فی لیٹر کردی گئی ہے۔
حکومتی اعلامیے میں کہا گیا کہ گزشتہ ہفتے بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی گئی تھی تاکہ مہنگائی سے متاثرہ عوام کو مزید سہولت فراہم کی جا سکے۔
بیان کے مطابق حکومت مشکل معاشی حالات کے باوجود پبلک ٹرانسپورٹ، مال بردار گاڑیوں، موٹر سائیکل اور رکشہ استعمال کرنے والوں کیلئے ایندھن پر سبسڈی فراہم کر رہی ہے۔
وزیراعظم آفس کا کہنا ہے کہ عالمی سطح پر تیل بحران کے دوران بھی حکومت نے 130 روپے فی لیٹر سے زائد سبسڈی دے کر عوام کو قیمتوں کے اضافے سے بچانے کی کوشش کی تھی۔
پیٹرول قیمت میں کمی کے بعد شہریوں نے امید ظاہر کی ہے کہ ٹرانسپورٹ کرایوں اور اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں بھی کمی آئے گی۔