Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

خیبر ٹوبیکو کمپنی پر سگریٹ تشہیری قوانین کی خلاف ورزیوں کے الزامات

خیبر ٹوبیکو کمپنی

اسلام آباد: خیبر ٹوبیکو کمپنی ایک بار پھر توجہ کا مرکز بن گئی ہے جہاں انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر کمپنی پر سگریٹ تشہیری قوانین کی مبینہ خلاف ورزیوں کے الزامات سامنے آئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق کمپنی کئی برسوں سے اپنے مختلف سگریٹ برانڈز کی تشہیر ایسے طریقوں سے کر رہی ہے جو ملکی قوانین سے متصادم قرار دیے جا رہے ہیں۔

اطلاعات کے مطابق امتناعِ تمباکو نوشی اور غیر تمباکو نوش افراد کے تحفظِ صحت آرڈیننس 2002 کے تحت تمباکو مصنوعات کی تشہیر اور پروموشن پر واضح پابندیاں عائد ہیں۔ اس کے باوجود دعویٰ کیا جا رہا ہے کہ بعض مارکیٹنگ مہمات کے ذریعے صارفین کو سگریٹ خریدنے کی ترغیب دی جا رہی ہے۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ وزارتِ قومی صحت کے قواعد کے مطابق نقد انعامات، تحائف، کیش پرائزز اور پروموشنل سرگرمیوں کے ذریعے تمباکو مصنوعات کی فروخت بڑھانا ممنوع ہے۔ تاہم مبینہ طور پر خیبر ٹوبیکو کمپنی ان پابندیوں کے باوجود مختلف تشہیری مہمات چلا رہی ہے۔

ماہرین صحت کے مطابق تمباکو مصنوعات کی تشہیر نوجوانوں کو سگریٹ نوشی کی طرف مائل کر سکتی ہے، جس سے صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہونے کا خدشہ پیدا ہوتا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ نوجوان نسل کو تمباکو نوشی کے مضر اثرات سے بچانے کے لیے موجود قوانین پر سختی سے عملدرآمد ضروری ہے۔

دوسری جانب کمپنی پر ماضی میں مبینہ ٹیکس بے ضابطگیوں اور ٹیکس چوری کے الزامات بھی سامنے آتے رہے ہیں۔ ذرائع کے مطابق وفاقی ادارے مختلف اوقات میں کمپنی کے خلاف کارروائیاں کر چکے ہیں اور بعض مواقع پر بڑی مالیت کا خام مال بھی ضبط کیا گیا تھا۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ انسداد تمباکو نوشی کے عالمی دن کے موقع پر ضروری ہے کہ تمباکو مصنوعات کی تشہیر، فروخت اور ٹیکس سے متعلق قوانین پر بلاامتیاز عملدرآمد یقینی بنایا جائے تاکہ نوجوانوں کی صحت کا تحفظ ممکن ہو اور قومی مفادات کو نقصان پہنچانے والی سرگرمیوں کی روک تھام کی جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں