Search
Close this search box.
منگل ,23 جون ,2026ء

ملک کے مختلف علاقوں میں بارش اور تیز ہواؤں کا امکان، محکمہ موسمیات کی پیشگوئی

ملک میں بارش کی پیشگوئی

اسلام آباد: ملک میں بارش کی پیشگوئی کرتے ہوئے محکمہ موسمیات نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں موسم کی صورتحال ایک دوسرے سے مختلف رہ سکتی ہے۔ بعض علاقوں میں شدید گرمی برقرار رہے گی جبکہ کئی مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق سندھ اور جنوبی بلوچستان کے بیشتر اضلاع میں شدید گرمی اور ہیٹ ویو کی کیفیت برقرار رہنے کا امکان ہے۔ دوسری جانب کشمیر، پوٹھوہار ریجن اور شمال مشرقی بلوچستان میں دوپہر کے بعد مطلع جزوی طور پر ابر آلود رہ سکتا ہے۔

محکمہ موسمیات نے بتایا کہ پنجاب کے مختلف علاقوں میں تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش متوقع ہے، جس کے باعث گرمی کی شدت میں عارضی کمی آسکتی ہے۔ ملک میں بارش کی پیشگوئی کے بعد متعلقہ اداروں کو بھی موسمی صورتحال پر نظر رکھنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت سبی اور تربت میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔ شہید بینظیر آباد اور نوکنڈی میں 47 ڈگری، سکھر میں 43 ڈگری جبکہ حیدرآباد، ڈیرہ غازی خان اور ڈیرہ اسماعیل خان میں 41 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ ہوا۔

ملتان میں 39، پشاور اور مظفرآباد میں 38 جبکہ کراچی میں 37 ڈگری سینٹی گریڈ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد میں گزشتہ روز بارش کے بعد موسم خوشگوار ہوگیا اور درجہ حرارت 26 ڈگری سینٹی گریڈ تک گر گیا، تاہم آج شہر کا زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 33 ڈگری تک پہنچ سکتا ہے۔

کراچی میں بھی گرمی کی شدت برقرار ہے، جہاں صبح کے وقت درجہ حرارت 31 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ دن کے دوران پارہ 37 ڈگری تک جانے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔

ماہرین نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ شدید گرمی کے دوران پانی کا زیادہ استعمال کریں، غیر ضروری طور پر دھوپ میں نکلنے سے گریز کریں اور احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔

یہ بھی پڑھیں