Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

معروف اینٹی بائیوٹک ایزومیکس دوا جعلی قرار، محکمہ صحت کا الرٹ جاری

ایزومیکس دوا

لاہور: ایزومیکس دوا استعمال کرنے والے شہریوں کے لیے اہم خبر سامنے آگئی ہے۔ پنجاب ڈرگ کنٹرول حکام نے لیبارٹری تجزیے کے بعد معروف اینٹی بائیوٹک دوا “ایزومیکس” کے بعض بیچز کو جعلی اور غیر معیاری قرار دیتے ہوئے کلاس ون الرٹ جاری کر دیا ہے۔

محکمہ صحت کے مطابق مختلف بیچز کے نمونوں کی جانچ کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ متعلقہ ادویات مقررہ فارماسیوٹیکل معیار پر پوری نہیں اترتیں۔ ابتدائی تحقیقات سے معلوم ہوا ہے کہ یہ جعلی ادویات غیر قانونی سپلائرز کی جانب سے معروف کمپنیوں کے نام پر مارکیٹ میں فروخت کی جا رہی تھیں۔

حکام نے صورتحال کا نوٹس لیتے ہوئے مشتبہ بیچز کو فوری طور پر مارکیٹ سے واپس منگوانے، فروخت روکنے اور مختلف میڈیکل اسٹورز پر خصوصی انسپیکشن شروع کرنے کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ اس کے ساتھ ساتھ باقی ماندہ اسٹاک کو بھی قبضے میں لینے کی کارروائیاں جاری ہیں۔

صحت حکام نے ڈاکٹروں، فارماسسٹوں اور عوام کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایزومیکس دوا کے مشتبہ پیکٹس استعمال نہ کریں اور کسی بھی غیر معمولی یا مشکوک دوا کی فوری اطلاع متعلقہ اداروں کو دیں۔

یاد رہے کہ اس سے قبل بھی بریکسن، ڈینزن ڈی ایس، ٹونوفلیکس پی اور نوویڈاٹ 500 ملی گرام سمیت متعدد جعلی ادویات مارکیٹ سے برآمد ہو چکی ہیں، جن کا تعلق غیر رجسٹرڈ سپلائی چین سے بتایا گیا تھا۔

محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ شہری صرف مستند فارمیسیوں سے ادویات خریدیں اور دوا خریدتے وقت پیکنگ، بیچ نمبر اور ایکسپائری تاریخ ضرور چیک کریں تاکہ کسی بھی ممکنہ نقصان سے بچا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں