Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

برطانیہ کا ویزا اب خود حاصل کریں، ایجنٹ کی ضرورت نہیں

اسلام آباد: برطانیہ ویزا حاصل کرنے کے خواہشمند پاکستانی شہریوں کے لیے بڑی خوشخبری سامنے آگئی۔ برطانیہ کی ہائی کمشنر نے واضح کیا ہے کہ اب ویزا درخواست کے لیے کسی ایجنٹ یا مشیر کی ضرورت نہیں، بلکہ ہر شخص گھر بیٹھے خود آن لائن درخواست جمع کرا سکتا ہے۔

برطانوی ہائی کمشنر کی جانب سے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری کردہ ویڈیو پیغام میں بتایا گیا کہ ویزا درخواست کا پورا عمل نہایت آسان اور شفاف بنا دیا گیا ہے تاکہ شہری بغیر کسی اضافی اخراجات کے براہ راست درخواست دے سکیں۔

ہائی کمشنر کے مطابق درخواست گزار سب سے پہلے برطانیہ کی سرکاری ویب سائٹ gov.uk پر جائیں اور “Apply to come to the UK” کا آپشن منتخب کریں۔ اس کے بعد اپنے سفر کی نوعیت کے مطابق مناسب ویزا کیٹیگری کا انتخاب کریں۔ سیاحت یا اہل خانہ سے ملاقات کے لیے عموماً “Standard Visitor Visa” منتخب کیا جاتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ درخواست فارم مکمل طور پر آن لائن ہے جس میں سفری منصوبہ، مالی معلومات اور ذاتی تفصیلات درج کرنا ہوتی ہیں۔ فارم کو کسی بھی مرحلے پر محفوظ کیا جا سکتا ہے اور بعد میں دوبارہ مکمل کیا جا سکتا ہے۔

برطانیہ ویزا درخواست جمع کروانے اور فیس ادا کرنے کے بعد درخواست گزار کو بائیومیٹرک تصدیق کے لیے وی ایف ایس گلوبل سینٹر میں وقت لینا ہوگا۔ پاکستان کے مختلف شہروں میں موجود ان مراکز پر صرف فنگر پرنٹس اور بائیومیٹرک معلومات حاصل کی جاتی ہیں جبکہ پاسپورٹ درخواست گزار اپنے پاس رکھ سکتا ہے۔

برطانوی حکام کا کہنا ہے کہ ویزا کا فیصلہ مکمل طور پر درخواست میں دی گئی معلومات کی بنیاد پر کیا جاتا ہے، اس لیے درست اور مکمل معلومات فراہم کرنا انتہائی ضروری ہے۔

ماہرین کے مطابق اس نئے اور آسان نظام سے پاکستانی شہریوں کو ویزا ایجنٹس پر انحصار کم کرنے میں مدد ملے گی اور درخواست کا عمل مزید شفاف بنے گا۔

یہ بھی پڑھیں