Search
Close this search box.
بدھ ,24 جون ,2026ء

نیشنل پریس کلب اور رحمت للعالمینؐ اتھارٹی کے درمیان مفاہمتی یادداشت پر دستخط

مفاہمتی یادداشت

اسلام آباد: مفاہمتی یادداشت کے تحت نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی اور نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے درمیان باہمی تعاون، صحافیوں کی تربیت اور علمی و فکری سرگرمیوں کے فروغ کے لیے اہم معاہدہ طے پا گیا۔

تقریب میں نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے صدر عبدالرزاق سیال اور نیشنل رحمت للعالمین و خاتم النبیینؐ اتھارٹی کے چیئرمین خورشید احمد ندیم نے معاہدے پر دستخط کیے۔ اس موقع پر دونوں اداروں نے صحافیوں کی پیشہ ورانہ، فکری اور اخلاقی تربیت کے لیے مشترکہ پروگرامز منعقد کرنے پر اتفاق کیا۔

اعلامیے کے مطابق معاہدے کے تحت ماہانہ اور سہ ماہی علمی لیکچرز، میڈیا سے متعلق مختلف سرگرمیوں، تحقیقی منصوبوں اور تربیتی ورکشاپس کا انعقاد کیا جائے گا تاکہ صحافی برادری کی علمی اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں میں مزید اضافہ ہو سکے۔

تقریب کے دوران نیشنل پریس کلب میں “رحمت للعالمین بک کارنر” کا بھی افتتاح کیا گیا۔ اس بک کارنر میں سیرت النبی ﷺ، اسلامی تعلیمات، اخلاقی اقدار، فکری موضوعات اور قومی یکجہتی سے متعلق اہم کتابیں دستیاب ہوں گی۔ افتتاحی تقریب میں شرکاء کو سیرت النبی ﷺ پر مبنی کتابوں کے تحائف بھی پیش کیے گئے۔

مقررین نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ مفاہمتی یادداشت علمی و فکری اقدار کے فروغ اور صحافتی برادری کی مثبت رہنمائی کے لیے ایک اہم قدم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ اس اشتراک سے سیرت طیبہ ﷺ کے آفاقی پیغام کو معاشرے کے مختلف طبقات تک مؤثر انداز میں پہنچانے میں مدد ملے گی۔

انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دونوں ادارے مل کر تحقیق، مکالمے، رواداری، مثبت سوچ اور ذمہ دارانہ صحافت کے فروغ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

یہ بھی پڑھیں