مظفرآباد: وزیراعظم آزاد جموں و کشمیر چوہدری انوار الحق کی حکومت کے ترجمان نے واضح کیا ہے کہ آزاد کشمیر کے عام انتخابات 2026 اپنے مقررہ شیڈول کے مطابق منعقد ہوں گے اور کسی بھی صورت انتخابی عمل میں رکاوٹ پیدا کرنے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔
وزیراعظم آزاد کشمیر فیصل راٹھور نے کہا ہے کہ حکومت آئینی ذمہ داریوں کی تکمیل اور جمہوری عمل کے تسلسل کے لیے پُرعزم ہے، جبکہ انتخابات کے انعقاد سے متعلق تمام تیاریاں مقررہ منصوبے کے مطابق جاری ہیں۔
حکومتی ترجمان کے مطابق جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی (JAAC) عوامی مسائل کے نام پر گمراہ کن بیانیہ پھیلا رہی ہے۔ حکومت نے ہمیشہ مذاکرات، ریلیف اور عملی اقدامات کا راستہ اختیار کیا، جبکہ بعض عناصر نے احتجاج اور دباؤ کی سیاست کو ترجیح دی۔
ترجمان نے کہا کہ عوامی ایکشن کمیٹی کے 38 مطالبات میں سے 35 مطالبات تسلیم کیے جا چکے ہیں، اس کے باوجود احتجاج پر اصرار عوامی مفاد نہیں بلکہ سیاسی ہٹ دھرمی ہے۔
حکومت نے واضح کیا کہ پرامن احتجاج ہر شہری کا جمہوری حق ہے، تاہم قانون ہاتھ میں لینا، سڑکیں بند کرنا اور معمولات زندگی مفلوج کرنا کسی صورت قابل قبول نہیں ہوگا۔
بیان میں کہا گیا کہ آزاد کشمیر میں استحکام، مکالمہ اور عملی حل کی ضرورت ہے، جبکہ اسمبلی کے فیصلوں کو سڑکوں کے دباؤ کے ذریعے مسترد نہیں کیا جا سکتا۔ حکومت قانون کی حکمرانی، عوامی مفاد اور آئینی عمل کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتی رہے گی۔
ترجمان نے مزید کہا کہ 9 جون کو انتخابی عمل میں کسی قسم کی رکاوٹ عوامی حقوق کا دفاع نہیں بلکہ جمہوری عمل کو متاثر کرنے کی کوشش تصور کی جائے گی۔ عوام کو ہڑتالوں، بندشوں اور دباؤ کی سیاست کے بجائے ووٹ، مکالمے اور آئینی راستے پر اعتماد کرنا چاہیے۔
حکومت کے مطابق مذاکرات کے دروازے بند نہیں کیے گئے، تاہم بعض حلقوں نے مفاہمت کے بجائے محاذ آرائی کا راستہ اختیار کیا۔ حکومت نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ آزاد کشمیر میں امن، استحکام اور آئینی نظام پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

