Search
Close this search box.
اتوار ,14 جون ,2026ء

محرم الحرام سیکیورٹی پلان مکمل، پنجاب پولیس کا بڑا اعلان

لاہور: پنجاب پولیس نے محرم الحرام سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیتے ہوئے صوبے بھر میں عزاداری، جلوسوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے جامع حکمت عملی تیار کر لی ہے۔

انسپکٹر جنرل پنجاب عبدالکریم کے مطابق محرم الحرام کے دوران مجموعی طور پر 47 ہزار 280 مجالس اور جلوسوں کی سیکیورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ اس مقصد کے لیے ایک لاکھ 24 ہزار سے زائد پولیس افسران اور اہلکار تعینات کیے جائیں گے۔

آئی جی پنجاب نے کہا کہ محرم الحرام کے دوران تمام جلوسوں اور مجالس کی مسلسل نگرانی کی جائے گی تاکہ امن و امان کی صورتحال برقرار رہے اور کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے بروقت نمٹا جا سکے۔

انہوں نے واضح کیا کہ صرف طے شدہ مقامات اور روٹس پر ہی جلوسوں اور مجالس کی اجازت ہوگی، جبکہ مقررہ راستوں اور مقامات کے علاوہ کسی بھی نئی سرگرمی کی اجازت نہیں دی جائے گی۔

عبدالکریم کے مطابق سیکیورٹی انتظامات کے تحت دفعہ 144 اور لاؤڈ اسپیکر ایکٹ پر سختی سے عمل درآمد کرایا جائے گا۔ اس کے علاوہ 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی بھی نافذ ہوگی تاکہ سیکیورٹی کو مزید مؤثر بنایا جا سکے۔

پنجاب پولیس کا کہنا ہے کہ محرم الحرام سیکیورٹی پلان کے تحت تمام اضلاع میں مقامی انتظامیہ، قانون نافذ کرنے والے اداروں اور دیگر متعلقہ محکموں کے ساتھ مکمل رابطہ رکھا جائے گا تاکہ عزاداروں کو پرامن ماحول فراہم کیا جا سکے۔

یہ بھی پڑھیں