اسلام آباد: پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کی خبریں عوام کے لیے خوش آئند ثابت ہو سکتی ہیں، کیونکہ عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے بعد پاکستان میں بھی قیمتیں کم ہونے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
ذرائع کے مطابق ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی میں کمی اور حالیہ معاہدے کے بعد عالمی سطح پر تیل کی قیمتوں میں مسلسل گراوٹ دیکھنے میں آ رہی ہے۔ اسی تناظر میں پاکستان میں بھی پٹرول اور دیگر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی زیر غور ہے۔
اطلاعات کے مطابق اگر عالمی مارکیٹ میں قیمتوں میں موجودہ رجحان برقرار رہا تو ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں 70 سے 100 روپے فی لیٹر تک کمی ہو سکتی ہے۔ تاہم اس حوالے سے حتمی فیصلہ تاحال نہیں کیا گیا اور متعلقہ ادارے مختلف تجاویز پر غور کر رہے ہیں۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومت عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کے امکانات کا جائزہ لے رہی ہے۔ اس سلسلے میں پٹرولیم ڈویژن اور دیگر متعلقہ حکام مشاورت میں مصروف ہیں جبکہ قیمتوں کے تعین کے لیے مقررہ فارمولے کے مطابق ورکنگ مکمل کی جائے گی۔
حکومتی حلقوں کے مطابق قیمتوں میں کسی بھی قسم کی ردوبدل کا اعلان وزیراعظم کی منظوری کے بعد کیا جائے گا۔ اگر متوقع کمی منظور ہو جاتی ہے تو یہ حالیہ مہنگائی کے دور میں عوام کے لیے ایک بڑا ریلیف ثابت ہو سکتی ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے نہ صرف ٹرانسپورٹ کے اخراجات کم ہوں گے بلکہ اشیائے ضروریہ کی قیمتوں پر بھی مثبت اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، جس سے عام شہری کو براہ راست فائدہ پہنچے گا۔

