اسلام آباد(ویب ڈیسک ) سابق وزیرِ اعظم بے نظیر بھٹو کیصاحبزادی آصفہ بھٹو زرداری نے والد و نومنتخب صدرِ پاکستان آصف علی زرداری کو دوسری مرتبہ صدر کے منصب پر فائز ہونے پر خراجِ تحسین پیش کیا۔
9 مارچ کو صدارتی انتخابات میں آصف علی زرداری نے 411 ووٹ حاصل کیے جبکہ ان کے مدِمقابل سنی اتحاد کونسل کے نامزد کردہ امیدوار محمود خان اچکزئی کو 180 ووٹ ملے۔
231 ووٹز کی واضح برتری کے نتیجے میں آصف علی زرداری صدر کے منصب پر فائز ہونے کے اہل قرار پائے جس کی حلف برداری کی تقریب کا انعقاد اگلے روز کیا گیا۔
10 مارچ کو حلف برداری کی تقریب ایوان صدر میں منعقد ہوئی جس میں وزیر اعظم شہباز شریف، سابق صدر عارف علوی، قائد ن لیگ نوازشریف اور اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق شریک ہوئے۔
اس تقریب میں آصف علی زرداری کے تینوں بچوں بلاول بھٹو زرداری، بختاور اور آصفہ بھٹو زرداری نے بھی شرکت کی جبکہ آصفہ والد کے بازو میں بازو ڈال کر تقریب کا حصہ بنیں۔
چیف جسٹس پاکستان قاضی فائز عیسیٰ نے نو منتخب صدر آصف علی زرداری سے انگریزی زبان میں حلف لیا۔
آصفہ بھٹو نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ‘ایکس’ پر والد کو دوسری مرتبہ صدرِ مملکت بننے پر مبارکباد دیتے ہوئے ایک پیغام جاری کیا۔
اپنے پیغام میں آصفہ نے لکھا کہ ‘ دوسری مرتبہ منتخب صدرِ مملکت بن کر آصف علی زرداری نے پاکستان کی تاریخ میں نیا اعزاز حاصل کرلیا’۔
آصفہ نے اس پوسٹ میں آصف علی زرداری کی بطور صدرِ مملکت حلف برداری کی چند یادگار تصاویر بھی شامل کیں جن میں آصف زرداری کو حلف لیتے اور ان کے تینوں بچوں کو ایک ساتھ بھی دیکھا جاسکتا ہے۔
آصفہ کی جانب سے جاری کی گئی تصاویر میں بختاور زرداری کے ساتھ ان کے محمود چوہدری کو بھی دیکھا جاسکتا ہے جو اپنی گود میں بیٹے کو لیکر کھڑے ہوئے ہیں۔
دوسری جانب پی پی پی کے ذرائع کے مطابق آصف علی زرداری نے آصفہ بھٹو زرداری کو خاتونِ اوّل بنانے کا اصولی فیصلہ لے لیا ہے اور اس کا باضابطہ اعلان جلد کیا جائیگا۔


