اسلام آباد(نیوز ڈیسک)چیئرمین پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی) بیرسٹر گوہر علی خان نے انکشاف کیا ہے کہ پارٹی ارکان کو کروڑوں روپے کی پیشکشیں کی گئیں، مگر انہوں نے تمام تر دباؤ اور ترغیبات کو مسترد کر دیا۔
پارلیمنٹ ہاؤس کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بیرسٹر گوہر نے کہا کہ ہم نے سب کچھ قربان کر دیا، مگر اصولوں پر سمجھوتہ نہیں کیا۔ جن لوگوں کے بچے، گھر اور کاروبار متاثر ہوئے، وہ آج بھی پارٹی کے ساتھ ڈٹے ہوئے ہیں۔
انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان تحریک انصاف کے بانی عمران خان کے ساتھ کل بھی تھے، آج بھی ہیں اور ہمیشہ رہیں گے۔
چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ جن افراد نے کیسز ختم کرانے اور مراعات لینے کے لیے سمجھوتے کیے، ہمارا راستہ ان سے مختلف ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے پارلیمنٹ کا میدان خالی نہیں چھوڑا، انتخابی عمل میں دھاندلی کے باوجود ہار تسلیم نہیں کی۔
بیرسٹر گوہر نے مزید کہا کہ وہ جلد بانی پی ٹی آئی عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے آسان راستوں کو مسترد کر کے مشکل راستہ چُنا ہے، کیونکہ ہمارا یقین اصولوں پر ہے، فائدوں پر نہیں۔
مزید پڑھیں۔’شوہر سے تعلقات خراب ہونے کا ذکر کرنے پر عتیقہ اوڈھو کو کتنے رشتوں کی آفرز آئیں؟

