Search
Close this search box.
اتوار ,21 جون ,2026ء

پی ٹی آئی سے اختلاف ختم نہیں! تعلقات میں میانہ روی رکھی جائے، فضل الرحمان

پشاور( نیوز ڈیسک )جمعیت علمائے اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے ساتھ اختلافات ختم نہیں کر رہے ہیں تاہم ہم چاہتے ہیں کہ ان تعلقات میں میانہ روی رکھی جائے اور اختلاف کو اختلاف کی حد تک محدود رکھا جائے۔

چارسدہ میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے خیبرپختونخوا کی سیاسی صورتحال اور اپوزیشن کے کردار پر شدید تحفظات کا اظہار کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ صوبے کی اپوزیشن جماعتیں اراکین کی رکنیت معطل کرانے کے لیے عدالتوں سے رجوع کر رہی ہیں جبکہ مسلم لیگ (ن) نے بھی ہمارے خلاف عدالت کا دروازہ کھٹکھٹایا ہے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہاکہ ن لیگ کو اندازہ نہیں کہ ان کے اس اقدام سے فائدہ کس کو ہو رہا ہے؟ ایسی اپوزیشن کے ساتھ آگے بڑھنے سے پہلے سنجیدگی سے سوچنا ہوگا۔

انہوں کا کہنا تھا کہ حکمران ہمیں گالیاں دیتے ہیں اور اپوزیشن بھی ہمارے خلاف عدالتوں میں جا رہی ہے تو ایسی صورت میں کسی بھی تحریک عدم اعتماد میں ساتھ دینے کا فیصلہ کیسے کریں؟

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں تبدیلی کی ضرورت ہے اور وہ تبدیلی پی ٹی آئی کے اندر سے آنی چاہیے۔

افغانستان سے متعلق سوال پر انہوں نے کہا کہ ہمسایہ ملک کے ساتھ مذاکرات کی خاطر تعلقات بہتر رکھنا چاہیے، حکومت کو مشورہ دیتے ہیں کہ مذاکرات ہی مسائل کا حل ہیں۔

امن و امان کی صورتحال پر بات کرتے ہوئے فضل الرحمان نے کہا کہ قیام امن کی ذمہ داری حکومت اور ریاستی اداروں کی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاست کمزور نہیں، اگر سنجیدہ کوشش کرے تو بدامنی پر قابو پا سکتی ہے مگر بدقسمتی سے حکومت قیام امن کے معاملے میں سنجیدہ نظر نہیں آتی۔

مزید پڑھیں‌:میٹرک و انٹر امتحانات میں غلطیوں پر پنجاب کے اساتذہ کٹہرے میں

یہ بھی پڑھیں