پشاور(اوصاف نیوز)وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور نے احساس ای پنشن سسٹم کے اجراء کی منظوری دیدی، ای پنشن سسٹم یکم جنوری 2026 سے نافذ کیا جائے گا۔
وزیراعلی سیکرٹریٹ نے ای پنشن سسٹم کے اجرا کیلئے کانسپٹ پیپر تیار کر لیا، کانسپٹ پیپر کو عملی شکل دینے کے لیے محکمہ خزانہ کو احکامات جاری کردیے گئے، جنوری 2026 سے نئے پنشنرز کی ادائیگی ای پنشن سسٹم کے تحت کی جائے گی، موجودہ پیپر بیسڈپنشن نظام کومکمل پیپر لیس ای پنشن نظام میں تبدیل کردیاجائے گا۔
ملازمین ریٹائرمنٹ سے 6 ماہ قبل پورٹل پرڈیجیٹل فارم فل کرکے پنشن کیس داخل کراسکیں گے، نئے نظام کے تحت کسی بھی مرحلے میں ایک بھی فزیکل فائل یا پیپر استعمال نہیں کیا جائے گا، ویری فکیشن اور منظوری کا سارا عمل ڈیجیٹل سسٹم کے ذریعے مکمل کیا جائے گا۔
انہوں نے کہا کہ سسٹم خودکار طریقے سے سینکشن آرڈر، ریٹائرمنٹ آرڈر، پنشن پیپرز اور پنشن پیمنٹ آرڈر تیار کرے گا، وزیر اعلیٰ، چیف سیکرٹری اور سیکرٹری خزانہ ڈیش بورڈ کے ذریعے کارکردگی کو مانیٹر کریں گے، یہ پیپر لیس نظام نادرا، اے جی آفس اور بینکس کے ساتھ منسلک کیا جائے گا۔
مقررہ ٹائم لائن کے اندر پنشن ریٹائرڈ ملازم کے بنک اکاؤنٹ میں منتقل کر دی جائے گی، نظام کو دیرپا بنانے کے لیے متعلقہ قوانین میں ضروری ترامیم تجویز کی گئی ہیں۔
وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈاپور کا کہنا ہے کہ خیبر پختونخوا ای پنشن سسٹم کا اجراکرنے والا ملک کا پہلا صوبہ ہوگا، حکومت نے اب تک 36 مختلف عوامی خدمات کو آن لائن کردیا گیا ہے، باقی خدمات کو بھی آن لائن کرنے پر کام تیزی سے جاری ہے۔
مزید پڑھیں :نادرا نے اپنی پاک آئی ڈی موبائل ایپ کا نیا ورژن جاری کردیا
