ممبئی (شوبز ڈیسک )مشہور بھارتی رئیلیٹی ٹی وی شو بگ باس او ٹی ٹی سیزن 2 کے فاتح ایلوش یادو کو نوئیڈا پولیس نے سانپ کے زہر کیس میں گرفتار کر لیا ہے۔
مقامی عدالت نے انہیں 14 روزہ جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھیج دیا، اطلاعات کے مطابق ایلوش سے پولیس اسٹیشن سیکٹر 113 میں پوچھ تاچھ کی جارہی ہے۔ یوٹیوبر ایلوش یادو کو ریو پارٹیوں میں سانپ کا زہر سپلائی کرنے کے معاملے میں گرفتار کیا گیا ہے۔
اس سے قبل یہ بات سامنے آئی تھی کہ پولیس رواں ماہ چارج شیٹ داخل کرے گی۔ نوئیڈا پولیس نے انہیں پوچھ تاچھ کے لیے بلایا تھا، جس کے بعد انہیں گرفتار کر لیا گیا۔ فی الحال انہیں عدالت میں پیش کیا گیا ہے۔ ان کی گرفتاری کی تصدیق ایڈیشنل ڈی سی پی نوئیڈا منیش کمار مشرا نے کی۔
واضح رہے کہ 8 نومبر کو نوئیڈا پولیس نے ایک ریو پارٹی میں سانپ کے زہر کے استعمال کے معاملے میں ایف آئی آر درج کی تھی۔ جہاں ایلوش یادو بھی اس معاملے میں ملزم پائے گئے تھے، پولیس کو گرفتار ملزمان میں سے ایک راہل نامی شخص کے پاس سے 20 ملی لیٹر زہر ملا تھا۔
مذکورہ معاملہ جب میڈیا کے سامنے آیا تو ایلوش نے انسٹاگرام پر ایک ویڈیو پوسٹ کرکے وضاحت پیش کی۔ انہوں نے کہا تھا کہ میں صبح اٹھا اور خبریں دیکھیں کہ ایلوش یادیو منشیات کے کاروبار میں ملوث ہیں اور انہیں گرفتار کر لیا گیا ہے جبکہ یہ سب جھوٹ تھا۔ مزید یہ کہ میرے خلاف جو تمام باتیں ہو رہی ہیں یہ سب جعلی ہیں اور میرا اس سے کوئی تعلق نہیں ہے۔

