سرائیکی زبان کے مشہور سینئر گلوکار عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے اپنی پانچ شادیوں سے متعلق پہلی بار حیران کن انکشاف کردیا۔ایک پوڈ کاسٹ میں گفتگو کرتے ہوئے عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی عرف لالا نے نہ صرف اپنے تلخ ماضی کے بارے میں کھل کر بات کی بلکہ محبت اور شادی جیسے نجی موضوعات پر دلچسپ سوالات کے جواب بھی دیے۔
عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے متعدد دلچسپ سوالات کا جواب دیتے ہوئے بتایا کہ مجھے کئی بار محبت ہو چکی ہے، جس سے شادی ہوتی ہے وہیں محبت بھی ہو جاتی ہے۔ لیجنڈری گلوکار کا کہنا تھا کہ وہ بنیادی طور پر پینڈو ہیں اور یہی وجہ ہے کہ اُن کے گھر کی بناوٹ میں بھی اس چیز کی جھلک آتی ہے۔اُن کا بتانا تھا کہ میرا ایک بیٹا سانول امریکا، بیٹی اسپین اور چھوٹا بیٹا لندن میں ہے، سب سے چھوٹی بیٹی ابھی لاہور میں پڑھ رہی ہے اور میٹرک کے بعد وہ بھی بیرونِ ملک چلی جائے گی۔
اپنی پانچ شادیوں کے موضوع پر بات کرتے ہوئے عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی کا بتانا تھا کہ جب میں نے چوتھی شادی کی تو پہلی تین بیویاں چھوڑ کر جا چکی تھیں، چوتھی بیوی کی موجودگی میں، میں نے پانچویں شادی کی تھی۔معروف گلوکار نے بتایا کہ پہلی چار بیگمات کا کہنا تھا کہ وہ میرے ساتھ وقت نہیں گزار سکتیں، اُن کا میرے ساتھ گزارا نہیں ہو سکا اس لیے پہلی چار بیویوں نے مجھے چھوڑ دیا تو میں کیا کرتا، مجبوراً پانچویں شادی مجھے کرنی پڑی تھی۔
گلوکار کا بانیٔ پی ٹی آئی کے بارے میں بات کرتے ہوئے عطاءاللّٰہ خان عیسیٰ خیلوی نے کہا کہ میرے عمران خان سے بہت پرانے تعلقات ہیں، ایک ہی خاندان اور ایک ہی علاقہ ہے، میں نے شوکت خانم کے لیے چندہ جمع کرنے کے لیے بانیٔ پی ٹی آئی کے ساتھ پوری دنیا گھومی ہے۔عطاء اللہ خان عیسیٰ خیلوی 1951 میں پنجاب کے شہر میانوالی کے علاقے عیسیٰ خیل میں پیدا ہوئے، جس وجہ سے وہ عیسی خیلوی کہلواتے ہیں۔
مزید پڑھیں: سمندر پارپاکستانیوں کے لیے پراپرٹی کی خرید و فروخت کے حوالے سےبڑی سہولت کا اعلان

