Search
Close this search box.
جمعرات ,02 جولائی ,2026ء

فواد خان 8 سال بعد بالی ووڈ میں واپسی کے لیے تیار

لاہور (شوبز ڈیسک) بھارتی فلموں کے شائقین فواد خان کی ہندی فلموں میں واپسی کا تقریباً آٹھ سال سے بے صبری سے انتظار کر رہے ہیں۔ انتظار بالآخر ختم ہو گیا، کیونکہ اداکار اب وانی کپور کے ساتھ اپنی متوقع واپسی کے لیے پوری طرح تیار ہیں۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستانی اداکار وانی کپور کے ساتھ ایک نئی فلم میں بالی ووڈ میں شاندار واپسی کرنے کے لیے تیار ہیں، جس کی پروڈکشن شروع ہونے والی ہے۔

ذرائع کے مطابق پراجیکٹ کی شوٹنگ جلد لندن میں شروع ہو گی جس کی پری پروڈکشن کو حتمی شکل دی جا چکی ہے۔ پروجیکٹ کے بارے میں مخصوص تفصیلات کو پوشیدہ رکھا جا رہا ہے، کیونکہ پروڈیوسر اپنی بڑی کاسٹنگ کے بارے میں رازداری برقرار رکھنا چاہتے ہیں۔

واضح رہے کہ فواد خان کی بالی ووڈ میں واپسی ممبئی ہائی کورٹ کی جانب سے اداکاروں، گلوکاروں، موسیقاروں، نغمہ نگاروں اور ٹیکنیشنز سمیت بھارتی شہریوں، کمپنیوں اور پاکستانی فنکاروں کے ساتھ اشتراک پر مکمل پابندی عائد کرنے کی درخواست مسترد ہونے کے بعد ہوئی ہے۔ فیصلے میں کہا گیا کہ درخواست ثقافتی ہم آہنگی، اتحاد اور امن کو فروغ دینے کی سمت میں ایک دھچکا ہے۔

فواد آخری بار بالی ووڈ میں کرن جوہر کی اے دل ہے مشکل اور کپور اینڈ سنز میں نظر آئے تھے۔

اس وقت فواد خان ایک ویب سیریز ‘برزخ’ کے ساتھ اسکرین پر واپسی کے لیے تیار ہیں، جس میں وہ معاون اداکارہ صنم سعید کے ساتھ دوبارہ جلوہ گر ہوں گے۔ ویب سیریز 19 جولائی کو ریلیز ہونے والی ہے۔

یہ بھی پڑھیں