Search
Close this search box.
اتوار ,28 جون ,2026ء

بری شکلیں بنا کر رونے کو ایکٹنگ نہیں کہتے.. مایا خان کی اوور ایکٹنگ سے صارفین بھی تنگ آگئے! دیکھیں کیا کچھ کہہ ڈالا

کراچی (شوبز ڈیسک) پاکستانی ڈرامہ ‘کبھی میں کبھی تم’ میں سدرہ کا کردار ادا کرنے والی مایا خان کو حالیہ اقساط میں ناظرین کی جانب سے تنقید کا سامنا کرنا پڑا ہے، جہاں انہیں سوشل میڈیا پر “اوور ایکٹنگ” کے الزامات کا سامنا کرنا پڑا۔

یہ ڈرامہ، جسے فرحت اشتیاق نے تحریر کیا اور فہد مصطفیٰ نے پروڈیوس کیا، اس وقت اپنی مقبولیت کے عروج پر ہے۔ یہ کہانی مڈل کلاس خاندان اور ان کے شادی شدہ بیٹوں کی زندگیوں کے گرد گھومتی ہے، جس نے ناظرین کو محظوظ کیا ہے۔ اس ڈرامے میں فہد مصطفیٰ، ہانیہ عامر، عماد عرفانی، نعیمہ بٹ اور مایا خان جیسے فنکاروں نے اپنی بہترین پرفارمنس کے ذریعے اسے مزید دلچسپ بنا دیا ہے۔

فہد مصطفیٰ نے ایک طویل وقفے کے بعد ٹی وی اسکرین پر واپسی کی ہے، جہاں انہوں نے مصطفیٰ کے کردار کو نبھایا، جبکہ ہانیہ عامر نے ان کی اہلیہ شرجینا کا کردار ادا کیا۔ دونوں کی جدوجہد کو ناظرین نے سراہا، لیکن مایا خان کا سدرہ کا کردار بھی خاص توجہ کا مرکز بنا۔

سدرہ، جو مصطفیٰ اور عدیل کی بہن ہیں، ایک شادی شدہ خاتون ہیں جو اپنے والدین کے گھر اور بھائیوں کے معاملات میں ہمیشہ ملوث رہتی ہیں۔ اگرچہ ان کا کردار ایک اچھی بہن، بیٹی، اور نند کے طور پر پیش کیا گیا ہے، حالیہ اقساط میں ان کی جذباتی اداکاری پر ناظرین نے تنقید کی ہے۔

خاص طور پر ڈرامے کی 24 اور 25ویں قسط میں، مایا خان کے جذباتی مناظر کو ناظرین نے “ڈرامائی” قرار دیا۔ ایک منظر میں جب سدرہ اپنے بھائی مصطفیٰ کے گھر جانے پر ملنے سے انکار کرتی ہیں، تو یہ لمحات ناظرین کو کچھ زیادہ ہی شدید محسوس ہوئے۔

سوشل میڈیا پر ناظرین نے مایا خان کی اداکاری پر شدید تنقید کی، ایک صارف نے کہا، “یہ مایا جب آنکھیں بڑی کر کے ہونٹ سکیڑتی ہے، بہت بری لگتی ہے!” جبکہ ایک اور نے کہا، “اس ڈرامے میں سب سے خراب اداکاری مایا کر رہی ہیں، کسی اور کو کاسٹ کیا ہوتا تو بہتر ہوتا۔”

اس تنقید کا زور اس وقت بڑھ گیا جب ایک اور قسط میں، سدرہ اپنے والد کی بیماری کے باعث شدید جذباتی ہوگئیں، جس پر ناظرین نے طنزیہ کہا، “تمہارے والد ہسپتال میں ہیں، مرے نہیں جو تم اتنی اوور ایکٹنگ کر رہی ہو۔”

تاہم، مایا خان کی اداکاری پر اس سخت ردعمل کے باوجود، ‘کبھی میں کبھی تم’ کی کہانی اور دیگر کرداروں کی شاندار پرفارمنس نے اسے ناظرین میں مقبول رکھا ہوا ہے۔
مزیدپڑھیں :ایپل اپنا سستا ترین آئی فون جلد پیش کرنے کیلئے تیار

یہ بھی پڑھیں