Search
Close this search box.
پیر ,22 جون ,2026ء

تھیٹر میں 75 روپےلینے والا 24 لاکھ ماہانہ کمانے لگا

نئی دہلی(نیوز ڈیسک) ہر سال سینکڑوں نوجوان اپنے خوابوں کو حقیقت کا روپ دینے کے لیے ممبئی کا رخ کرتے ہیں، لیکن ان میں سے صرف چند ہی کامیابی کی منزل تک پہنچ پاتے ہیں۔ ایسے ہی خواب کے ساتھ اتر پردیش کا ایک نوجوان بھی ممبئی آیا، جس نے اپنی محنت اور لگن سے آج وہ مقام حاصل کر لیا ہے جہاں وہ ایک کامیاب اداکار ہونے کے ساتھ ہر ماہ 24 لاکھ روپے سے زیادہ کما رہے ہیں۔ یہ کہانی ہے مشہور ٹی وی سیریل ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ کے انسپکٹر ہپو سنگھ یعنی یوگیش ترپاٹھی کی۔

یوگیش ترپاٹھی نے حال ہی میں سدھارتھ کنن کے یوٹیوب چینل پر گفتگو کرتے ہوئے اپنی جدوجہد بھری زندگی کے کئی دلچسپ پہلو شیئر کیے۔ انہوں نے بتایا کہ ان کا ممبئی سے پہلا تعارف ریلوے کے امتحان کی وجہ سے ہوا، جب وہ اور ان کے دوست جھانسی سے ممبئی کے سفر میں 18 گھنٹے جنرل ڈبے میں کھڑے رہے۔ 2004 میں وہ اداکار بننے کے خواب کے ساتھ ممبئی شفٹ ہوئے اور تھیٹر میں کام شروع کیا۔

ممبئی کے ابتدائی دن آسان نہیں تھے۔ تین سال تک گزر بسر کرنے کے لیے کبھی 150 روپے میں قلم بیچے، تو کبھی بیک گراؤنڈ ایکٹر کے طور پر 1500 روپے کمائے۔ پہلی بار انہیں تھیٹر میں 75 روپے ملے اور اس کے بعد پہلی باقاعدہ تنخواہ 95 روپے ملی۔ 2007 میں ایک مشہور کمرشل نے انہیں پہچان دلائی اور اسی دوران ٹی وی شو ’ایف آئی آر‘ میں چھوٹا سا رول ملا، جس کے لیے 2800 روپے معاوضہ ملا۔

اصل شہرت انہیں 2015 میں ’بھابھی جی گھر پر ہیں‘ کے انسپکٹر ہپو سنگھ کے کردار سے ملی۔ اس وقت انہیں یومیہ 8 ہزار روپے ملتے تھے اور شروع میں ہفتے میں صرف دو سے تین دن کام ملتا۔ لیکن جیسے جیسے کردار مقبول ہوتا گیا، ان کی آمدنی بھی بڑھتی گئی۔ 2019 میں ان کے کردار پر مبنی الگ شو ’ہپو کی الٹن پلٹن‘ بنایا گیا، جس سے ان کی کمائی کئی گنا بڑھ گئی اور یومیہ 60 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔

یوگیش نے بتایا کہ آج وہ مہینے کے تقریباً 24 لاکھ روپے کماتے ہیں اور ممبئی میں چار اپارٹمنٹس کے مالک ہیں۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ جب وہ پہلی بار ممبئی آئے تو چھترپتی شیواجی ٹرمینس پر چار راتیں گزاریں اور اس وقت اپنے آپ سے وعدہ کیا کہ ایک دن وہ چار گھر ضرور خریدیں گے۔ اپنی کامیابی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ یہ سب کچھ صرف محنت، صبر اور اپنے خواب کے ساتھ جڑے رہنے کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔
مزیدپڑھیں:غزہ مسلمانوں کے ہاتھوں سے نکل گیا،10ہزار افرادکے انخلا ء کی تیاری ،دنیاخاموش

یہ بھی پڑھیں