بیجنگ(نیوز ڈیسک) پاکستان میں لاوارث ملنے والی لڑکی جو اب چین میں سوشل میڈیا اسٹار بن گئی ہے نے اپنے چینی مداح سے شادی کرلی ہے۔
چین میں مقیم 20 سالہ پاکستانی نژاد سوشل میڈیا انفلوئنسر فین زیہے (Fan Zihe) نے اپنے پاکستانی حسن اور وسطی چین کے صوبہ ہینان کے مخصوص مقامی لہجے کی بدولت چینی سوشل میڈیا پر 18 لاکھ سے زیادہ فالوورز بنالیے ہیں۔
چینی میڈیا کے مطابق فین پاکستان میں ایک گتےکے ڈبے میں لاوارث ملی تھیں اور انہیں اس وقت پاکستان میں کام کرنے والے ایک بے اولاد چینی جوڑے نےگود لے لیا تھا۔
چینی جوڑا انہیں اپنے ساتھ پاکستان سے ہینان کے ایک دیہی علاقے میں لے آیا، طویل عمری کی علامت کے طور پر ان کا نام “فین زیہے” رکھا گیا اور جوڑے نے اپنی محدود آمدنی کے باوجود فین کو بے پناہ محبت سے پالا۔
فین کی زندگی 2023 کے آخر میں اس وقت ڈرامائی طور پر بدل گئی جب ان کی ایک مختصر ویڈیو وائرل ہوئی جس میں وہ ہینان کے گاڑھے لہجے میں نوڈلز کھاتے ہوئے اس کی تعریف کر رہی تھیں۔ اس ویڈیو کو 14 لاکھ سے زیادہ لائکس ملے۔ دیکھنے والے نہ صرف ان کی خوبصورتی سے متاثر ہوئے بلکہ اپنے گود لینے والے والدین کے ساتھ ان کے مضبوط رشتے نے بھی سب کے دل جیت لیے۔ اس کے بعد سے فین سوشل میڈیا پر دیہی زندگی کی جھلکیاں پوسٹ کر رہی ہیں اور اپنی مختصر ویڈیوز سے آمدنی حاصل کرنے کے ساتھ ساتھ گاؤں والوں کو مقامی پیداوار فروخت کرنے میں بھی مدد کرتی ہیں۔

فین کے شوہر کا نام لیو شیاؤشوائی (Lyu Xiaoshuai) ہے جو ان کے ابتدائی فالوورز میں سے ایک ہیں۔ انہوں نے میڈیا کو بتایا کہ فین کی ویڈیو نے انہیں “غیر روایتی لیکن دلکش خوبصورتی” سے بہت متاثر کیا۔دونوں کی ملاقات اتفاقاً دوستوں کے ساتھ ایک ڈنر پر ہوئی اور وقت کے ساتھ ساتھ ان کا رشتہ محبت میں بدل گیا۔
لیو نے فین کی کہانی اپنے خاندان کو سنائی اور ان کی دادی اس نوجوان لڑکی کی ہمت اور مہربانی سے بہت متاثر ہوئیں۔ فین کا بوجھ ہلکا کرنے کی خواہش میں لیو نے اپنی نوکری چھوڑی اور ان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس چلانے میں مدد کے لیے ہینان چلےگئے۔ وہ شوٹنگ کے دوران سامان اٹھانے سے لے کر ویڈیو ایڈیٹنگ سیکھنے اور مداحوں کے پیغامات کا انتظام کرنے تک ہر کام میں ان کی مدد کرتے ہیں۔ گزشتہ تین سالوں کے دوران وہ فین اور ان کے والدین کو سیروتفریح پر بھی لے جاتے رہے ہیں اور اکثر کھیتی باڑی کے کاموں میں بھی ان کا ہاتھ بٹاتے ہیں۔
ایک لائیو اسٹریم میں جوڑے نے بتایا کہ انہوں نے حق مہر یا جہیز کا کوئی مطالبہ نہیں کیا اور دونوں خاندان مل کر ان کا نیا گھر بنانے میں مدد کر رہے ہیں۔
اس جوڑے کے اعلان پر آن لائن مبارک بادوں اور نیک تمناؤں کا سلسلہ شروع ہو گیا ہے۔ ایک صارف نے لکھا، “میں آپ دونوں کے لیے زندگی بھر کی خوشیوں کی دعا کرتا ہوں۔” ایک اور نے تبصرہ کیا، “فین پریوں کی کہانی کی شہزادی لگتی ہے اور لیو اس کا محافظ ہے۔ خدا کرے آپ کی زندگی یہاں سے مزید بہتر ہو۔”
مزیدپڑھیں:سابق گورنر سندھ عمران اسماعیل کے وارنٹ گرفتاری جاری
