Search
Close this search box.
اتوار ,21 جون ,2026ء

ٹریفک حادثے میں زخمی ہونے والے بھارتی اداکارراجویرجاوندا چل بسے

امرتسر(نیوز ڈیسک)بھارتی گلوکار اور اداکار راجویر جاوندا 35 سال کی عمر میں ایک المناک ٹریفک حادثے کے باعث زندگی کی بازی ہار گئے۔ وہ 27 ستمبر کو موٹر سائیکل پر شملہ جاتے ہوئے حادثے کا شکار ہوئے تھے۔

بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق حادثہ اُس وقت پیش آیا جب راجویر جاوندا کی موٹر سائیکل کے سامنے اچانک مویشیوں کا ایک جھنڈ آ گیا، جس کے باعث وہ توازن برقرار نہ رکھ سکے اور بری طرح گر پڑے۔ اس واقعے میں ان کے سر اور ریڑھ کی ہڈی کو شدید چوٹیں آئیں، جس کے بعد انہیں انتہائی تشویشناک حالت میں موہالی کے اسپتال منتقل کیا گیا۔

اسپتال حکام کا کہنا ہے کہ گلوکار کو مسلسل 11 دن تک وینٹی لیٹر پر رکھا گیا، تاہم ان کی حالت میں بہتری نہ آ سکی اور بالآخر وہ دم توڑ گئے۔

راجویر جاوندا نے اپنے منفرد اندازِ گلوکاری کے ذریعے پنجابی موسیقی کی دنیا میں نمایاں مقام حاصل کیا تھا۔ انہوں نے گلوکاری کے ساتھ ساتھ اداکاری کے میدان میں بھی کامیابیاں سمیٹیں۔ وہ 2018 کی مقبول فلم ’صوبیدار جوگندر سنگھ‘ کے علاوہ ’جند جان‘ اور ’مندو تحصیلدارنی‘ جیسی فلموں میں اداکاری کے جوہر دکھا چکے تھے۔

راجویر کی ناگہانی موت پر مداحوں اور شوبز شخصیات نے گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کے جانے سے بھارتی موسیقی اور فلم انڈسٹری ایک باصلاحیت فنکار سے محروم ہو گئی ہے۔
مزیدپڑھیں:جرمن کمپنی کا پاکستان میں بڑی فیکٹری لگانے کا اعلان

یہ بھی پڑھیں