کراچی: ہانیہ عامر فوربز 30 انڈر 30 ایشیا 2026 کی فہرست میں شامل ہونے کے بعد شوبز انڈسٹری سمیت سوشل میڈیا پر مبارکبادوں کا سلسلہ جاری ہے، جبکہ اداکارہ زویا ناصر کا دلچسپ اور مزاحیہ ردعمل بھی مداحوں کی توجہ کا مرکز بن گیا ہے۔
زویا ناصر نے اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ہانیہ عامر کو مبارکباد دیتے ہوئے انہیں “مس فوربز 30 انڈر 30” قرار دیا اور ان کی کامیابی پر خوشی کا اظہار کیا۔ انہوں نے ایک تصویر بھی شیئر کی جس میں ہانیہ عامر زویا کی والدہ کے ساتھ خوشگوار موڈ میں نظر آئیں۔
تاہم سوشل میڈیا صارفین کی دلچسپی اس وقت مزید بڑھ گئی جب زویا ناصر نے تصویر کے ساتھ مزاحیہ انداز میں لکھا، “پہلے حمزہ، اب امی! ہالہ یہ کیا رویہ ہے؟”۔ یہ جملہ ہانیہ عامر کے مقبول ڈرامے “میرے ہمسفر” کے کردار ہالہ کی طرف اشارہ تھا، جس نے مداحوں کو خوب محظوظ کیا۔
مداحوں نے زویا ناصر کی پوسٹ کو دوستی، محبت اور مزاح کا خوبصورت امتزاج قرار دیا۔ کئی صارفین نے تبصروں میں کہا کہ ہانیہ عامر اپنی اداکاری کے ساتھ ساتھ اپنی خوش اخلاقی اور مثبت شخصیت کی وجہ سے بھی لوگوں کے دل جیت لیتی ہیں۔
ہانیہ عامر فوربز 30 انڈر 30 فہرست میں شامل ہونے والی پاکستان کی چند نمایاں شخصیات میں شامل ہیں۔ فوربز نے انہیں پاکستان کی سب سے زیادہ فالو کی جانے والی خاتون سوشل میڈیا شخصیت قرار دیا ہے، جبکہ ان کے انسٹاگرام فالوورز کی تعداد تقریباً 2 کروڑ بتائی گئی ہے۔
اداکارہ کی اس کامیابی کو پاکستانی شوبز انڈسٹری کے لیے ایک اہم اعزاز قرار دیا جا رہا ہے اور ان کے مداح دنیا بھر سے انہیں مبارکباد دے رہے ہیں۔

