Search
Close this search box.
منگل ,07 جولائی ,2026ء

پاکستان نے نیوزی لینڈ کو7وکٹوں سے شکست دیدی

راولپنڈی(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے نیوزی لینڈ کودوسرے ٹی ٹوئنٹی میچ میں 7وکٹوں سے شکست دیدی، راولپنڈی میں کھیلے جا رہے سیریز کے دوسرے ٹی20 میچ میں بابر اعظم نے ٹاس جیت کر پہلے باؤلنگ کا فیصلہ کیا۔نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم 90رنز پرڈھیر ہوگئی ،پاکستان نے جواب میں ہدف12.1اوورز میں تین وکٹوں کے نقصان پرپوراکرلیا.

نیوزی لینڈ کی ٹیم ابتدا سے ہی مشکلات سے دوچار رہی اور اننگز کے تیسرے اوور میں 16 کے مجموعی اسکور پر ٹم سیفرٹ صرف 12 رنز بنا کر ڈھیر ہو گئے۔

ابھی کیوی ٹیم اس نقصان سے سنبھلی بھی نہ تھی کہ اگلے اوور میں محمد عامر نے ٹم رابنسن کی اننگز کا خاتمہ کرنے کے بعد اپنے اگلے اوور میں ڈین فاکس کرافٹ کو چلتا کردیا۔

36 رنز پر تین وکٹیں گرنے کے بعد مارک چیپمین کا ساتھ دینے جیمز نیشام آئے لیکن اننگز کے آٹھویں اوور میں ابرار احمد نے یکے بعد دیگرے دو کامیابیاں دلاتے ہوئے سب سے زیادہ 19 رنز بنانے والے چیپمین کے ساتھ ساتھ نیشام کو بھی پویلین رخصت کردیا۔
مزیدپڑھیں:چولستان: بنجرزمینوں کو آباد کرنے کا تاریخی منصوبہ
کپتان مائیکل بریسویل بھی صرف چار رنز ہی بنا سکے اور شاداب نے کیوی کپتان کے ساتھ ساتھ اش سودھی کو بھی چلتا کر کے اپنی ٹیم کو اہم کامیابی دلائی۔

شاہین شاہ آفریدی نے کول میک کونچی اور بین لسٹر کو پویلین لوٹا کر نیوزی لینڈ کی اننگز کا 90 رنز پر خاتمہ کردیا۔

پاکستان کی جانب سے شاہین شاہ آفریدی نے تین جبکہ عامر، شاداب اور ابرار نے دو، دو وکٹیں اپنے نام کیں۔

اس سے قبل ٹاس جیتنے کے بعد پاکستان نے میچ کے لیے گزشتہ میچ کی فائنل الیون کو برقرار رکھا ہے۔بابر اعظم نے ٹاس کے موقع پر کہا کہ وکٹ بہت اچھی ہے اس لیے باؤلنگ کا فیصلہ کیا ہے اور ہم نے اپنی ٹیم میں کوئی تبدیلی نہیں کی۔

دوسری جانب نیوزی لینڈ کے کپتان مائیکل بریسویل نے کہا کہ آج ہم بھی پہلے باؤلنگ کرنا چاہتے تھے۔

یاد رہے کہ دونوں ٹیموں کے درمیان سیریز کا پہلا میچ بارش کے باعث منسوخ ہو گیا تھا۔

میچ کے لیے پاکستان کی ٹیم ان کھلاڑیوں پر مشتمل ہے۔

بابر اعظم(کپتان)، محمد رضوان، صائب ایوب، افتخار احمد، عرفان خان، عثمان خان، شاداب خان، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ، محمد عامر، ابرار احمد۔

یہ بھی پڑھیں