Search
Close this search box.
منگل ,07 جولائی ,2026ء

فائٹ سے پہلے بھارتی حریف نے بدتمیزی، گالم گلوچ کی تھی، شاہزیب رند

اسلام آباد(سپورٹس ڈیسک)پاکستانی فائٹر شاہزیب رند کا کہنا ہے کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھارتی حریف نے بدتمیزی کی تھی اور انتہائی نامناسب الفاظ اور گالم گلوچ کی تھی۔

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے شاہزیب رند نے کہا کہ ’الحمداللہ میں بہت خوش ہوں، یہ جیت میری نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ہے، میں نے محنت کی اور فتح حاصل کی، مجھ پر بہت دباؤ تھا لیکن میں جانتا تھا کہ ملک کا نام روشن کرنا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’اس فائٹ کے لیے میں نے بہت زیادہ تیاری کی تھی، امریکا میں رمضان میں ٹریننگ کرنا بہت سخت اور مشکل ہوتا ہے لیکن میں نے اپنی ٹریننگ جاری رکھی، میں جانتا تھا کہ یہ جیت پاکستان کے لیے بہت بڑی فتح ہونے والی ہے اور میں جانتا تھا کہ جیتوں گا۔‘

ان کا کہنا تھا کہ یہ بہت بڑی فائٹ تھی اور بھارت کے خلاف ہمیشہ بڑی فائٹس ہوتی ہیں، یہ فائٹ دیکھنے کے لیے بھارتی اداکار سلمان خان اور بڑے نام آئے ہوئے تھے۔
مزیدپڑھیں:اب بھی لوگ چھیڑتے ہیں، شادی کی پیش کش کرتے ہیں، نشو بیگم کا انکشاف
شاہزیب رند نے بتایا کہ فائٹ سے پہلے پریس کانفرنس میں بھارتی حریف نے بدتمیزی کی تھی اور انتہائی نامناسب الفاظ اور گالم گلوچ کی تھی۔

ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ ’فائٹ کے بعد سلمان خان نے مجھے خود اپنے پاس بلایا اور حوصلہ بڑھایا، انہوں نے بہت تعریف کی جبکہ وہ مجھے پہلے سے جانتے تھے، انہوں نے پہلے بھی میری فائٹس دیکھی ہوئی تھیں۔‘

واضح رہے کہ دو روز قبل دبئی میں ہونے والے کراٹے کامبیٹ مقابلوں میں پاکستانی فائٹرز چھا گئے تھے، پاکستانی فائٹرز شازیب رند اور علی رضوان نے بھارتی حریفوں کو پہلے ہی راؤنڈز میں شکست دےدی جبکہ علومی کریم کی جگہ لڑنے والے فیضان خان بھارتی حریف سے ہار گئے۔

بعد ازاں بھارتی حریف پر پے در پے وار کرنے والے پاکستانی کپتان شاہزیب رند کی بولی وڈ اداکار سلمان خان سے بھی ملاقات ہوئی تھی، جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی تھی۔

ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ سلمان خان شاہزیب رند سے نیک خواہشات کا اظہار کر رہے ہیں اور انہیں بھارت کے خلاف جیت پر مبارک باد دے رہے ہیں۔

اس دوران بولی وڈ اسٹار نے پاکستانی کپتان کو گلے مل کر مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ ہر جگہ 20، 20 سیکنڈ میں ناک آؤٹ کر دیتے ہو یار۔

بھارتی اداکار نے پاکستانی کراٹے ماسٹر سے سنجے دت کے بیٹے کا تعارف بھی کرایا۔

شاہ زیب رند نے فائٹ جیتنے کے بعد سلمان خان کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ بچپن سے آپ کو دیکھ کر بڑا ہوا ہوں، آپ سُپر اسٹار ہیں۔

یہ بھی پڑھیں