راولپنڈی(نیوز ڈیسک)انگلینڈ نے پاکستان کے خلاف راولپنڈی میں کھیلے جانیوالے آخری ٹیسٹ میچ کے لیے پلیئنگ الیون کا اعلان کردیا ہے، انگلینڈ نے ٹیم میں دو تبدیلیاں کرتے ہوئے برائیڈن کارس اور میتھیو پوٹس کو فیصلہ کن ٹیسٹ میچ کے لیے آرام دینے کا فیصلہ کیا ہے۔
مہمان ٹیم نے ریحان احمد کو اپنے اسپن اٹیک میں شامل کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس میں پہلے ہی شعیب بشیر اور جیک لیچ شامل تھے کیونکہ وہ ایک ایسی وکٹ پر پاکستان سے مقابلہ کی توقع کررہے ہیں جہاں پچ میں تبدیلی متوقع ہے۔
20 سالہ لیگ اسپن آل راؤنڈر ریحان احمد اپنا پانچواں ٹیسٹ میچ راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلیں گے، جو 24 اکتوبر سے شروع ہوگا، انہوں نے اپنا ٹیسٹ ڈیبیو دو سال قبل کراچی میں کیا تھا، جہاں پاکستان کی دوسری اننگز میں 5 وکٹیں حاصل کرتے ہوئے انگلینڈ کو 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کلین سویپ کرنے میں مدد دی تھی۔
اپنے آخری ٹیسٹ میچ میں اگرچہ ان کی کارکردگی متاثر کن نہیں رہی تھی، انہوں نے راجکوٹ میں بھارت کے خلاف اچھی خاصی مار پڑی تھی، انگلینڈ کی بھاری شکست میں وہ گیند سے کچھ خاص نہیں کرپائے اور دونوں اننگز میں 193 رنز کے عوض 3 وکٹیں ہی حاصل کرسکے۔
انگلیںڈ نے پاکستان کیخلاف فیصلہ کن راولپنڈی ٹیسٹ کے لیے گس ایٹکنسن کو ٹیم میں واحد سیمر کے طور پر شامل کیا ہے، جن کے ساتھ کپتان بین اسٹوکس ضرورت پڑنے کی بنیاد پر بولنگ کے لیے دستیاب ہوں گے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق راولپنڈی کرکٹ اسٹیڈیم کی پچ، جو روایتی طور پر عالمی کرکٹ کی سب سے چپٹی پچوں میں سے ایک ہے، اس بار توقع ہے کہ مختلف انداز میں تیار کی جارہی ہے، جس میں گراؤنڈ اسٹاف صنعتی پنکھوں سمیت دیگر آلات کا استعمال کرتے ہوئے پچ کو خشک اور کھردرا رکھنے کی کوشش کررہا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کے مابین موجودہ ٹیسٹ سیریز ایک ایک سے برابر ہوجانے کے بعد تیسرا ٹیسٹ ایک دلچسپ میچ کا وعدہ کرتا ہے کیونکہ انگلینڈ اور پاکستان دونوں ہی اسپن ہیوی بولنگ اٹیک کے ساتھ سیریز جیتنے کے متمنی نظر آتے ہیں۔
تیسرے ٹیسٹ کے لیے انگلینڈ الیون: زیک کرولی، بین ڈکٹ، اولی پوپ، جو روٹ، ہیری بروک، بین اسٹوکس (کپتان)، جیمی اسمتھ (وکٹ کیپر)، گس اٹکنسن، جیک لیچ، ریحان احمد اور شعیب بشیر۔
مزیدپڑھیں:ماضی کے دوست چیف جسٹس کے عہدے کے لیے مدِمقابل

